• news

ممتاز بھٹو کا فرنٹ پی ٹی آئی میں ضم‘ رواں ماہ سندھ سے بڑی شخصیات شامل ہوں گی: شاہ محمود

کراچی/ اسلام آباد (سٹاف رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) ممتاز بھٹو کے سندھ نیشنل فرنٹ نے پاکستان تحریک انصاف میں ضم ہونے کا اعلان کیا ہے جبکہ تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سندھ کے بعد کراچی کے شہریوں کو بھی متبادل سیاسی قیادت فراہم کریں گے۔ سندھ نیشنل فرنٹ کے وائس چیئرمین امیر بخش بھٹو اور تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے اسلام آباد میں معاہدے پر دستخط کئے۔ اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے نومبر کے دوران سندھ میں ایک اور بریک تھرو کا اشارہ بھی دیا اور کہا کہ رواں ماہ سندھ کی بڑی سیاسی شخصیات پی ٹی آئی میں شامل ہونگی جبکہ تحریک انصاف کے رہنما نے متحدہ قومی موومنٹ اور پاک سرزمین پارٹی میں اتحاد نہ ہونے کی پیش گوئی کرتے ہوئے کراچی کے شہریوں کو متبادل سیاسی قیادت کی پیش کش بھی کر دی۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ممتاز بھٹو کے ساتھ کئی ماہ سے بات چیت جاری تھی۔ سندھ میں نئی سوچ آئی ہے۔ سندھ نیشنل فرنٹ کا پی ٹی آئی میں ضم ہونا ہماری وفاقی سوچ کا ثبوت ہے جبکہ سندھ کی بہت سی قدآور شخصیات سے ہماری بات چیت چل رہی ہے۔ انہوں نے دہرایا کہ سندھ کے عوام موجودہ حکمرانوں سے تنگ آ چکے ہیں۔ اس موقع پر سندھ نیشنل فرنٹ کے رہنما امیر بخش بھٹو نے دعویٰ کیا کہ تحریک انصاف ہی وہ واحد جماعت ہے جو تبدیلی لا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت سندھ میں بہت بڑا خلا موجود ہے اور ہمیشہ اس خلا کو بھٹو خاندان کے کسی فرد نے ہی پورا کیا تاہم ذوالفقار بھٹو اور بے نظیر بھٹو کے بعد ایسا نہ ہو سکا اور آصف علی زرداری کے داغ دار ماضی اور کردار کے باعث یہ سلسلہ رک گیا۔ علاوہ ازیں پی ٹی آئی رہنما جہانگیر ترین نے مسلم لیگ کی بڑی وکٹ گرا دی۔ سابق رکن قومی اسمبلی اختر خان کانجو اور لیگی رہنما محمود نواز جوئیہ نے جہانگیر ترین سے ملاقات کی۔ دونوں رہنمائوں نے پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

ای پیپر-دی نیشن