ججز نظربندی کیس: ضامنوں کی طرف سے جرمانہ کی ادائیگی‘ کیس داخل دفتر کردیا گیا
اسلام آباد (نا مہ نگار) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف درج ججز نظر بندی کیس میں ضمانتی مچلکے ضبط کرتے ہوئے کیس داخل دفتر کردیا ہے۔ جمعہ کو عدالت نے سماعت کی تو سابق صدر پرویز مشرف کی طرف سے اختر شاہ ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے ملزم پرویز مشرف کو پیش نہ کرنے پر ضمانتی مچلکے ضبط کر لئے۔ بعدازاں ضامن کی طرف سے جرمانے کی رقم جمع کرانے کے بعد عدالت نے مچلکے واپس کر دئیے۔ ضامن مشتاق احمد اور محمد ریاض کی طرف سے 5، 5 لاکھ روپے جرمانہ ادا کیا گیا۔ عدالت نے پرویز مشرف کی گرفتاری تک کیس کی سماعت ملتوی کر دی۔