حضرت علی ہجویری المعروف داتا گنج بخش کے عرس کی 3 روزہ تقریبات ختم
لاہور (خصوصی نامہ نگار) عرس حضرت داتا گنج بخش کی تین روزہ تقریبات کا اختتام گذشتہ رات اڑھائی بجے ملکی سلامتی اور مسلم امہ کی کامیابی کی رقت آمیز دعائوں کیساتھ ہوگیا، تین روز جاری رہنے والے عرس کی تقریبات میں شرکت کیلئے اندرون و بیرون ملک سے بھی عقیدت مندوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ لاکھوں زائرین اور عقیدت مندوں نے مزار پر حاضری دیکر فاتحہ خوانی کی، ملک بھر سے عقیدت مند ڈھول کی تھاپ پر چادریں چڑھانے کیلئے آتے رہے جبکہ سماع ہال میں تینوں روز ملک کے نامور قوالوں نے اپنا کلام پیش کیا، نعت خوانوں نے بھی خدمت رسالتؐ میںگلہائے عقیدت پیش کئے، مسجد داتا دربار میں علماء کرام اور قراء حضرات نے بھی تینوں دن زائرین کو مسحور کئے رکھا۔ عرس کے سلسلے میں محکمہ اوقاف کی جانب سے کثیر انتظام کے علاوہ بھی زائرین اور عقیدت مندوںکی جانب سے انواع و اقسام کے کھانے بطور لنگر و نیاز تقسیم کئے جاتے رہے، مختلف بزرگان دین کے آستانوں سے وابستہ شخصیات نے بھی عرس کے موقع پر تینوں روز قیام کیا اور مزار پر حاضری دیتے رہے۔ عرس کے موقع پر مزاراور مسجد حضرت داتا گنج بخش کو خوبصورت روشنیوںسے سجایا گیا تھا۔ سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔