سپریم کورٹ نے عمران کی درخواست مسترد کر دی‘ متعلقہ فورم سے رجوع کی ہدایت
اسلام آباد( نوائے وقت نیوز) رجسٹرار سپریم کورٹ نے انتخابی اصلاحات بل سے متعلق عمران خان کی درخواست مسترد کرتے ہوئے انہیں متعلقہ فورم سے رجوع کرنے کی ہدایت کردی۔تفصیلات کے مطابق عمران خان کی جانب سے انتخابی اصلاحات بل 2017 سپریم کورٹ میں چیلنج کیا گیا تھا جس پر عدالت نے موقف اختیار کیا کہ متعلقہ فورم سے رجوع کیے بغیر براہ راست سپریم کورٹ سے رجوع نہیں کیا جا سکتا۔واضح رہے کہ اس سے پہلے شیخ رشید اور پیپلزپارٹی نے بھی الیکشن ایکٹ 2017 کے خلاف درخواستیں دائر کی تھیں جن پر رجسٹرار آفس نے اعتراض لگایا تھا، جبکہ پیپلزپارٹی اور شیخ رشید نے اعتراضات کے خلاف اپیلیں دائر کر رکھی ہیں۔عمران خان نے اپنی درخواست میں موقف اپنایا تھا بطور رکن اسمبلی نا اہل ہونے والا شخص پارٹی عہدہ نہیں سنبھال سکتا اور نواز شریف کو ن لیگ میں عہدہ دلوانے کے لئے الیکشن ایکٹ میں خصوصی ترامیم کی گئیں جو آئین سے متصادم ہیں۔