• news

نواز شریف نااہل ہوچکے واپس نہیں آئیں گے اب شہباز کی باری ہے :عمران

تونسہ/ ڈیرہ غازیخان ( نامہ نگار+بیورورپورٹ) عمران خان نے کہا ہے کہ نواز شریف چلے گئے وہ واپس نہیں آئیں گے اب حدیبیہ پیپر کیس کھلنے کے بعد شہباز شریف نہیں شو باز شریف کی باری ہے ، وزیر اعظم جمہوریت کی بہتری کیلئے فوری طور پر الیکشن کا اعلان کریں کیونکہ ملک میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں ، حکومت تین سو ارب روپے چوری کرنے کے مجرم کو چالیس چالیس گاڑیوں کا کس حیثیت سے پروٹوکول دے رہی ہے ، عدلیہ کے صبر کو سلام پیش کرتے ہیں اگر میری طرح جج ہوتا توکب کا انھیں جیل میں ڈال دیا ہوتا ۔ پنجاب کا 60فیصدترقیاتی فنڈ صرف لاہور پر خرچ ہو تا ہے ، 12کروڑ کی آبادی والے پنجاب کے باقی علاقوں کو نظر انداز کر کے محرومیوں کی طرف دھکیل دیا گیا ہے ، تحریک انصاف جنوبی پنجاب سمیت دیگر پسماندہ علاقوں کو ترقی یافتہ شہروں کی صف میں لا کھڑا کریگی ، جلسہ عام سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ جس ملک سے ایک ہزار ارب روپے منی لانڈرنگ کر کے باہر چلے جائیں وہاں نوکریاں نہیں ملیں گی اور پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ بے روز گاری ہے ، بے روزگاری کی وجہ سے غربت ہے اور تحریک انصاف اقتدار میں آکر نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ نوکریاں دیکر روزگار فراہم کریگی جبکہ فصلوں کی پیداوار میں اضافہ کر کے کسانوں کو خوشحال بنائیں گے۔ اسحاق ڈار اور نواز شریف قرضے لیتے ہیں اور پاکستان سے پیسہ چوری کر کے منی لانڈرنگ کرتے ہیں بڑے ڈاکو اربوں روپے چوری کرتے ہیں۔ ہمارے ملک میں چیزیں مہنگی کر کے 90فیصد ٹیکس عوام سے لیا جاتا ہے اور ٹیکس وصول کرنے والا ادارہ ایف بی آر طاقت ور لوگوں سے مل جاتا ہے لیکن تحریک انصاف پاکستان کی پہلی جماعت ہو گی جو بڑے بڑے طاقتور لوگوں سے ٹیکس وصول کریگی انہوں نے کہا کہ نواز شریف ، آصف علی زرداری ، اسحاق ڈار اور شہباز شریف جیسے کرپٹ لوگوں کو جب تک جیلوں میں نہیں ڈالاجاتا اور انھیں عبرت ناک سزائیں نہیں دی جاتیں اس وقت تک ملک ترقی نہیں کر سکتا عمران خان نے کہا کہ چین نے گذشتہ تین سالوں میں تین سو وزیروں اور گیارہ لاکھ سرکاری افسران کو کرپشن میں گرفتار کر کے جیلوں میں ڈالا ، اسی طرح جب اپنے اندر سے کرپشن ختم نہیں کی جاتی ملک ترقی نہیں کریگا۔شاہد خاقان عباسی بھی قوم کے مجرم ہیں اور قوم کے مجرموں کی مکمل طور پر پشت پناہی کررہے ہیں اور ساتھ ہی کہتے کہ یہ ہمارے قائد ہیں اس قسم کے وزیر اعظم کو کسی صورت وزیر اعظم نہیں رہنا چاہئے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا آپ لوگوں نے نواز شریف کو نااہل کیا اب ان کی حکومت کا بہت جلد خاتمہ ہو گا پی ٹی آئی برسراقتدار آ کر جنوبی پنجاب کے تمام تر مسائل کا خاتمہ کرینگے۔ علاوہ ازیں ٹوئیٹ میں عمران کا کہنا ہے کہ کرپشن فری پاکستان کی لڑائی کیلئے دیہی علاقے جاگ چکے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن