• news

اسحاق ڈار کے ناقابل ضمانت وارنٹ برقرار آئیندہ پیشی پر نہ آئے تومچلکے ضبط ہونگے :عدالت

اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) سابق وزیراعظم نوازشریف کے بیٹوں حسن نواز اور حسین نواز کے خلاف اسلام آباد کی احتساب عدالت کی جانب سے اشتہار ی قرار دئیے جانے کے باوجود نیب کی جانب سے دائر 3ریفرنسز میں گرفتاری دینے کے عدالتی احکامات کی مقررہ مدت ختم ہو گئی۔ احتساب عدالت کے حکم نامے کے مطابق اگر حسن نواز اور حسین نواز مسلسل عدالت میں سماعت سے غیرحاضر رہے تو ان کی جائیدادیں ضبط کرلی جائیں گی۔ نیب نے گزشتہ ماہ 12اکتوبر کو اسلام آباد کی احتساب عدالت سے ملنے والی ہدایت کے بعد فیڈرل جوڈیشل کمپلیکس کے باہر ان کے اشتہاری قرار دینے کا حکم نامہ آویزاں کیا تھا۔ دوسری جانب اسلام آباد کی احتساب عدالت نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نیب ریفرنس کی پچھلی سماعت پر عدالت میں پیش نہیں ہوئے تھے جس پر عدالت نے ان کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری برقرار رکھے۔ ہفتہ کو آخری سماعت کا تحریری حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ اسحاق ڈار کی وطن واپسی نہ ہونے کی وجہ سے وارنٹ گرفتاری کی تعمیل نہیں ہوئی۔ اسحاق ڈار کے 20لاکھ روپے کے مچلکوں پر قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے جاتے ہیں۔ حکم نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ تمام گواہ موجود ہیں لیکن ملزم اسحاق ڈار غیرحاضر ہے۔ ڈاکٹر کے مطابق ملزم اسحاق ڈار کے لئے سفر کرنا محفوظ نہیں‘ میڈیکل رپورٹ کے مطابق اسحاق ڈار دل نے عارضے میں مبتلا ہیں‘ تفتیشی افسر اسحاق ڈار کی میڈیکل رپورٹ کی تصدیق کرائے۔ عدالتی حکم نامے کے مطابق اسحاق ڈار آئندہ سماعت پر پیش نہ ہوئے تو ضمانتی مچلکے ضبط ہوں گے۔

ای پیپر-دی نیشن