• news

دہلی دنیا کا آلودہ ترین شہر لاہور کا دوسرا نمبر: ائرویژویل

لاہور (بی بی سی) دنیا بھر میں آلودگی پر نظر رکھنے والے ادارے ایئرویژوئل کی ویب سائٹ کے مطابق اس وقت دہلی 402 پوائنٹس کے ساتھ دنیا کا سب سے آلودہ شہر ہے جبکہ لاہور کا نمبر دوسرا ہے اور اس کے پوائنٹس 379 ہیں۔400 وہ درجہ ہے جس کے بعد نظامِ تنفس متاثر ہونا شروع ہو جاتا ہے۔ لاہور کے مختلف علاقوں میں آلودگی کی شرح مختلف ہے، چنانچہ اپر مال میں یہ شرح 427 ہے، جو انتہائی خطرناک کے زمرے میں آتی ہے۔ ماحولیات کے وکیل رافع احمد عالم نے کہا کہ ’پنجاب حکومت نے منڈھی کے جلانے پر پابندی تو عائد کر رکھی ہے لیکن اس پابندی پر عملدرآمد نہیں ہو رہا، اور اگر آپ موٹر وے پر جائیں تو اس کے آس پاس منڈھی جلتے دیکھ سکتے ہیں۔‘ حیرت انگیز طور پر پورے پنجاب میں صرف چار ایئر کوالٹی میٹر ہیں، جوکہ پورے پنجاب تو درکنار صرف لاہور کے لئے ناکافی ہیں جبکہ صوبے کے 36 ضلعے ہیں اور ہر ضلعے میں چار پانچ ہونے چاہئیں۔‘ رافع عالم نے کہا کہ ’تحقیق نہ ہونے کی وجہ سے ہمیں یہ تک معلوم نہیں ہے کہ یہ فضائی آلودگی کن اجزا پر مشتمل ہے۔ اگر ہم اس معاملے پر صرف بھارت کے ساتھ رابطہ کرتے ہیں اور اگلے سال پتہ چلا کہ یہ تو گاڑیوں کے دھویں کے باعث تو پھر معاملہ خراب ہو جائے گا۔' ’پورے پنجاب کی صحت کا معاملہ ہے اور حالت یہ ہے کہ ہم صرف بارشوں کا انتظار کر رہے ہیں کہ وہ آئیں اور ہمیں سموگ سے نجات دلائیں۔‘
آلودہ شہر

ای پیپر-دی نیشن