کراچی میں بیوی قتل کرنیوالے مجرم کو 32 سال قید
کراچی (این این آئی) کراچی کی مختلف عدالتوں میں مقدمات کی سماعت کے دوران اہلیہ کے قتل میں ملوث ملزم پر جرم ثابت، 32 سال قید کی سزا سنا دی گئی، نائن زیرو اسلحہ برآمدگی کیس کے تفتیشی، چائنہ کٹنگ پلاٹوں کے مقدمات کی رپورٹ طلب کر لی گئی۔ سرفراز مرچنٹ کیخلاف کیس کی سماعت 2 دسمبر تک ملتوی کر دی گئی۔ انسداد دہشت گردی کی عدالت میں ایم کیو ایم کے مرکز 90سے 26دہشت گردوں اور اسلحہ برآمدگی کیس کی سماعت عدالت نے تفتیشی افسر کو کیس پراپرٹی کے ہمراہ آئندہ سماعت پر طلب کرتے ہوئے سماعت 24نومبر تک ملتوی کردی ہے۔ ہفتہ کو انسداد دہشت گردی کی عدالت میں ایم کیو ایم کے مرکز 90سے 26دہشت گردوں اور اسلحہ برآمدگی کیس کی سماعت کی گئی۔ ملزمان فیصل موٹا، عبید کے ٹو،عامر سرپھٹا، عامر تیلی عدالت میں پیش ہوئے۔ احتساب عدالت نے گلستان جوہر میں 300سے زائد رفاعی پلاٹوں کی چائنہ کٹنگ کیس میں ملزمان کے خلاف کارروائی کر کے رپورٹ 23 نومبر تک پیش کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ ہفتہ کو احتساب عدالت میں گلستان جوہر میں تین سو سے زائد رفاعی پلاٹوں کی چائنا کٹنگ کے بعد فرورخت کیس کی سماعت کی گئی۔ سماعت کے دوران فیروز بنگالی سمیت 19 ملزموں نے ضمانت حاصل کررکھی ہے جبکہ ایڈیشنل سیشن جج جنوبی نے اہلیہ کے قتل میں مجرم کو 32 سال قید کی سزا سنادی۔ مجرم نے اپنی اہلیہ کوثر پروین کو پھندا لگاکر قتل کردیا تھا۔ مجرم امجد علی نے واقعہ کو خودکشی قرار دینے کی کوشش کی تھی تاہم پولیس کی تحقیقات کے دوران مجرم نے اپنے جرم کا اعتراف کیا تھا۔ مجرم کے خلاف تھانہ چاکیوارہ میں مقدمہ درج تھا۔