.متحدہ‘ پی ایس پی طلاق سازش کے تحت ہوئی‘ حلالہ ہو جائیگا: منظور وسان
کراچی (این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سندھ کے وزیر تجارت منظور حسین وسان نے کہا ہے کہ پاک سرزمین پارٹی اور ایم کیو ایم پاکستان کی طلاق سازش کے تحت ہوئی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے منظور وسان نے کہاکہ میں نے پہلے کہا تھاکہ پی ایس پی اور ایم کیو ایم پاکستان الیکشن مل کر لڑیں گے۔ یہ سب جی ڈی اے کے ساتھ مل کر پیپلزپارٹی کے خلاف الیکشن لڑیں گے، گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس بننے سے پیپلزپارٹی کوکوئی فرق نہیں پڑے گا۔ چند روز پہلے پیش گوئی کی تھی کہ ملکی سیاست کے 2 ہفتے اہم ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مصطفی کمال اور فاروق ستار دونوں ہی اسٹیبلشمنٹ کے آدمی ہیں اور دونوں کا مستقبل اچھا دکھائی نہیں دے رہا۔ عمران خان اپنے جلسوں میں عوام دیکھ کر خوش نہ ہوں، جلسوں اور انتخابات میں زمین آسمان کا فرق ہوتا ہے، سابق وزیراعظم نوازشریف پر مشکل وقت ہے اور پے در پے مشکلات کا سامنا کررہے ہیں جو ختم نہیں ہوسکتیں، اب سیاست میں بوڑھوں کا کوئی کام نہیں عوام نیا خون چاہتے ہیں۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت منظور حسین وسان نے نیا خواب دیکھ لیا۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ متحدہ اور پی ایس پی کا حلالہ ہو جائے گا اور نکاح وہ خود پڑھائیں گے۔ ایم کیو ایم کی لڑائی میں وفاق کا بھی ہاتھ ہے۔ بانی متحدہ تو پانچ چھ دن تک ناراضگی کا ڈرامہ کرتے تھے لیکن فاروق ستار تو ایک گھنٹے سے زیادہ نہ کر سکے۔ فاروق ستار کی لینڈ کروزر کی کہانی پر تبصرہ کرتے ہوئے منظور وسان نے سوال اٹھایا کہ آخر اس طرح انہیں کون ادھار دیتا ہے؟ کہتے ہیں یہ ادھار ودھار نہیں نوٹوں کا چکر ہے۔