• news

تحریک انصاف میں بغاوت وہو چکی عمران اسملیاں توڑ کرسینٹ الیکشن کو اناچاہتے ہیں :احسن اقبال

نارووال/ اسلام آباد (نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال چودھری نے کہا ہے کہ ہمارے پاس عمران خان کے بارے میں وہ کچھ معلومات ہیں جو اگر ہم ان کی طرح بات کرنا شروع کریں تو عمران منہ چھپا کر بیٹھ جائیں۔ ہمارا عمران خان کو مشورہ ہے کہ وہ اڑیں نہیں بلکہ اپنی ضد اور انا کی سیاست چھوڑ کر لوگوں کی کردار کشی کا سلسلہ بھی بند کر دیں، ہر کسی کو نام دینے اور کردار کشی کرنے سے پہلے عمران اپنے گریبان میں جھانکیں، مسلم لیگ ن کر دار کشی کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی بلکہ ہم چاہتے ہیں کہ سیاست کارکردگی اور ترقی پر ہو اور سیاست میں اچھی روایات آنی چاہئیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نارووال میں گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول صدیق پورہ کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، صوبائی پارلیمانی سیکرٹری خواجہ محمد وسیم بٹ، چیئرمین بلدیہ سید اظہر الحسن گیلانی و دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران قبل از وقت الیکشن کی ایسی بات کر رہے ہیں جو خیبر پی کے اور بلوچستان کے مفاد کے خلاف ہے، عمران چاہتے ہیں کہ پرانی مردم شماری کے مطابق الیکشن ہوں جس سے بلوچستان کی تین اور کے پی کے کی پانچ نشستیں کم ہو جائینگی، نئی مردم شماری کے مطابق پنجاب کی نو نشستیں کم ہوں گی جبکہ خیبر پی کے اور بلوچستان کی نشستوں میں اضافہ ہو گا، مسلم لیگ ن اور پنجاب نے مردم شماری کے تمام نتائج اس لئے قبول کئے کہ وفاق مضبوط ہو، احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان چاہتے ہیں کہ وہ کسی بھی طریقے سے جھوٹ سچ بول کی اقتدار حاصل کر لیں، عمران قومی اور صوبائی اسمبلیاں توڑ کر سینٹ کے الیکشن سے بھاگنا چاہتے ہیں کیونکہ عمران کی اپنی پارٹی میں بغاوت ہو چکی ہے اور انکے ممبران عمران کو بتا چکے ہیں کہ وہ سینٹ میں اپنی مرضی سے ووٹ دیں گے۔ ایک سوال کے جواب پر وزیر داخلہ نے کہا کہ سپریم کورٹ کے ایک فیصلے پر پہلے ہی ملک کا 14 سے 16 ارب ڈالر کا نقصان ہو چکا ہے، ایم کیو ایم اور پی ایس پی پر تبصرہ کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ مصنوعی سانسوں اور وینٹی لیٹر پر چلنے والا اتحاد کامیاب نہیں ہو سکتا، پاکستان میں وہی اتحاد کامیاب ہو گا جسکے پیچھے عوام کی طاقت ہو گی، آج مسلم لیگ ن کو عوام کی تائید اور اعتماد حاصل ہے اور عوام مسلم لیگ ن کے خلاف ہونے والی ہر سازش کو ناکام بنا دیں گے۔ عمران خان جمہوری عمل کے تسلسل کو روکنے کیلئے منفی ہتھکنڈے استعمال کررہے ہیں۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ عمران خان کو مشورہ ہے کہ وہ اونچا نہ اڑیں اور ضد و انا کی سیاست چھوڑ دیں۔ انکی سیاست سے ملکی معیشت کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ سینٹ اور قومی اسمبلی کے انتخابات مقررہ وقت پر ہونگے۔ شکرگڑھ سے نامہ نگار کے مطابق وفاقی وزیر نجکاری دانیال عزیز نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتیں بنانے اور توڑنے کا مشغلہ ترک کرنا ہو گا قوم سیاسی طور پر باشعور ہے‘ اسے دھوکہ نہیں دیا جا سکتا اسمبلیاں اپنی مدت پوری کریں گی‘ انتخابات مقررہ وقت پر ہی ہونگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شکرگڑھ کے دورے کے دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انھوںنے کہاکہ تحریک انصاف کا اخلاقیات اور زرداری کا کرپشن پر لیکچر دینا سنگین مذاق ہے۔ عمران خان کا طرز عمل آئین کی عمل داری کے لئے نہیں تحریک انصاف کے جلسوں کے علاوہ پورے ملک میں کہیں بحران نہیں۔

ای پیپر-دی نیشن