• news

یکطرفہ احتساب خاص مقاصد کیلئے ہے، الزامات کا آخری حد تک دفاع کرونگا: نوازشریف 19 نومبر کو ایبٹ آباد میں جلسے سے خطاب کرینگے

چکوال+اسلام آباد(این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر، سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ حالات جیسے بھی ہوں، اپنے خلاف لگائے گئے تمام الزامات کا آخری حد تک دفاع کرونگا، خیبر سے کراچی تک پوری قوم کو معلوم ہے کہ یہ یکطرفہ احتساب خاص مقاصد کیلئے ہے، ملک کے 21کروڑ عوام کے حقوق اور ان کی بہتری کیلئے ہم اپنا پروگرام جاری رکھیں گے۔ وہ جاتی عمرہ رائے ونڈ میں نعت خوان عبدالرزاق جامی سے گفتگو کررہے تھے جنہوں نے اتوار کی سہ پہرکو میاں محمد نواز شریف سے ملاقات کی۔ اس موقع پر مریم نواز بھی میاں نواز شریف کے ہمراہ تھیں۔ میاں نواز شریف نے کہا کہ الحمد للہ ہم نے گزشتہ ساڑھے چار سالوں میں پاکستان کی معیشت کو بحال کردیا ہے۔ ملک سے لوڈ شیڈنگ کے اندھیرے ختم ہو رہے ہیں اور سب سے بڑی بات سی پیک منصوبے نے تمام تر رکاوٹوں کے باوجود ٹیک آف کر لیا ہے۔ ملک کی ترقی کے دشمنوں کو کبھی اپنے منصوبوں میں کامیاب نہیں ہونگے۔ ملک کا مستقبل جمہوریت اور سیاست میں ہے اور آئین کی بالادستی اور بنیادی حقوق کی بحالی کیلئے انشاء اللہ اپنی اننگز بھرپور طریقے سے کھیلوں گا۔ مسلم لیگ (ن)کے صدر سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف انتخابی مہم کا آغاز 19 نومبرکو ایبٹ آباد میں جلسے سے خطاب کریں گے۔ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ سابق وزیراعظم کی زیرصدارت مسلم لیگ (ن)کے اجلاس ہوا۔ ایبٹ آباد کے مسلم لیگ (ن)کے مقامی عہدیداروں نے بتایا کہ ایبٹ آباد میں میاں نواز شریف کا 19 نومبر کا جلسہ تاریخی ہوگا۔

ای پیپر-دی نیشن