بنوں :سکیورٹی فورسز کے قافلے پر بم حملہ 3 اہلکاروں سمیت 7 افراد زخمی
بنوں ؍ خیبر ایجنسی؍ کوئٹہ/لنڈی کوتل(صباح نیوز+ آن لائن+نامہ نگار) بنوں کے علاقے نورل میں سکیورٹی فورسز کے قافلے پر بم حملے میں 3اہلکاروں سمیت7افراد زخمی ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق بنوں کے علاقے نورل میں سکیورٹی فورسز کے قافلے کے قریب ہونے والے موٹرسائیکل میں نصب دھماکے میں 3اہلکاروں سمیت 7افراد زخمی ہوگئے ۔ ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز کا قافلہ شمالی وزیرستان سے بنوں آرہا تھا کہ نورل میں اسے ریموٹ کنٹرول بم سے نشانہ بنایا گیا۔ حملے میں 3سکیورٹی اہلکاراور 2عام شہری زخمی ہوئے۔ بم سڑک کنارے کھڑی ایک موٹرسائیکل میں نصب تھا اور قافلے کے قریب آتے ہی دھماکہ کردیا گیا۔دھماکے کی اطلاع ملتے ہی فورسز اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پہنچیں۔ زخمیوں کو سی ایم ایچ بنوں منتقل کردیا گیا جن میں سے 3کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔ دوسری جانب سکیورٹی فورسز نے خیبر ایجنسی میں بائی پاس کے مقام پر نصب بم کو ناکارہ بناتے ہوئے بڑی تباہی سے بچا لیا۔ خیبر ایجنسی میں بائی پاس کے قریب نصب بم کی اطلاع پر بم ڈسپوزل سکواڈ اور سکیورٹی فورسز کے اہلکار بڑی تعداد میں موقع پر پہنچ گئے۔اس موقع پر بم ڈسپوزل سکواڈ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے سڑک پر نصب بم کو ناکارہ بنا دیا جس سے علاقہ ایک بڑی تباہی سے بچ گیا۔اس کے فورا بعد سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں نے علاقے کا گھیراؤ کرتے ہوئے سرچ آپریشن کیا جس کے نتیجے میں دس مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ادھر کوئٹہ میں سکیورٹی اداروں نے سرچ آپریشن کے دوران 2 مشتبہ افراد کو اسلحہ سمیت گرفتار کر لیا۔ گرفتار افراد سے ایک سب مشین گن اور ایمبولینس برآمد ہوا۔ ملزموں کو مزید تفتیش کیلئے تھانے منتقل کر دیا گیا۔