سموگ :ٹریفک حادثات مزید 12 جاں بحق بلوچستان کے کئی علاقوں میں موسم سرما کی پہلی بارش
اسلام آباد/ لاہور (نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی + خبرنگار+ صباح نیوز+ نامہ نگاران+ نمائندہ نوائے وقت) پنجاب کے کئی شہروں میں سموگ اور دھند جاری ہے۔ مختلف شہروں میں ٹریفک حادثات میں مزید دوخواتین سمیت12افراد جاںبحق اور 32 زائد زخمی ہو گئے۔ سموگ اور دھند کے باعث پروازوں کا شیڈول بھی متاثر ہوا۔ پنجاب کے مختلف شہروں لاہور، فیصل آباد، شیخوپورہ، ساہیوال اورجنوبی پنجاب کے کئی شہر گزشتہ روز بھی دھند کی لپیٹ میں رہے۔ پاکپتن،عارفوالا، بہاولنگراور مظفر گڑھ میں حدنگاہ صفرہوگئی جس سے آمدورفت کے ذرائع شدید متاثر ہوئے۔ متعدد پروازیں منسوخ اور ٹرینوں کی روانگی تاخیرکا شکارہوگئی، موٹروے کو بھی کئی مقامات پربند کردیا گیا۔ حد نگاہ انتہائی کم ہونے سے حادثات بھی بڑھ گئے۔ چنیوٹ میں جھنگ روڈ پرتیز رفتار آئل ٹینکر نے موٹر سائیکل کو ٹکر ماردی جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار لڑکی جاں بحق اور 2افراد زخمی ہوگئے۔ جبکہ لودھراں میں جلالپور روڈ پر کار نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں ایک خاتون موقع پر ہی جاں بحق ہوگئی۔ علاوہ ازیں قادر پوراں بائی پاس پر بس کی موٹر سائیکل کو ٹکر کے باعث ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔دھند سے قومی شاہراہ اور چھوٹی سڑکوں پر ٹریفک کی آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ پی آئی اے ترجمان کے مطابق سموگ اور دھند کے باعث لاہور ائرپورٹ پر اندرون اور بیرون ملک جانے والی 60 پروازوں کا شیڈول درہم برہم ہو گیا، مسافر وں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ گوجرانوالہ میں ڈی ایس پی لیگل صفدر ہنجرا اپنی بیوی عاصمہ، بیٹی نور فاطمہ، بیٹے ادریس، بھائیوں محمد علی،اکبر اور باورچی احمد کے ہمراہ گاڑی پر حافظ آباد جارہے تھے نوکھر کے قریب تیز رفتار ڈمپر نے انکی گاڑی کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار تمام افراد شدید زخمی ہوگئے۔ ہسپتال میں باورچی احمد کچھ دیر موت وحیات کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان کی بازی ہار گیا۔ ڈمپر ڈرائیور فرار ہو گیا تھا ، تھانہ کوٹ لدھا پو لیس نے ڈمپر کے مالک کو گرفتار کر لیاہے، علاوہ ازیں کامونکے میں دو موٹر سائیکل رکشہ چیانوالی ٹول پلازہ کی دیوار سے ٹکرا گئے۔ دو نوجوان ارسلان اور قاسم جاںبحق جبکہ دو زخمی ہو گئے۔ ساہیوال میں دھند سموگ کے دوران حادثات میں 12سالہ لڑکے سمیت تین افراد جاں بحق اور 10 زخمی ہو گئے۔ گڑھ مہاراجہ، احمد پور سیال میں اڈہ چک نورنگ شاہ کے نزدیک سموگ کے باعث وین کی آئل ٹینکر سے ٹکرکے باعث میں ایک شخص ساجد جاں بحق ایک شدید زخمی ہوگیا۔ قصور، جمبر میں دھند کے باعث ملتان روڈ پرناواں میں 15سے زائد گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں جس کے نتیجے میں ڈالہ ڈرائیور ذیشان دم توڑ گیا۔ زخمیوں کو بھائی پھیرو سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ سرائے مغل سے پھول نگر جاتا نوجوان دھند کے باعث سامنے سے آنے والے ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا کر جاں بحق ہو گیا۔ ننکانہ صاحب اور پھلروان میں دھند اور سموگ کے باعث لوگوںکا کا گھروں سے باہر نکلنا محال ہوگیا، کاروبار زندگی بری طرح مفلوج، لوگوں نے باران رحمت کے لئے خصوصی نوافل ادا کرنا شروع کر دئیے۔ دوسری طرف پاکستان ایران سرحدی علاقوں میں رات گئے گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی۔ بارش سے پاک ایران سرحدی پہاڑی علاقوں کے ندی نالوں میں طغیانی آ گئی۔ ایران کے سرحدی علاقوں میں بارش سے رابطہ سڑکیں متاثر ہوئیں اور موسم سرد ہو گیا۔ ایران کے سرحدی علاقے سیستان میں طوفانی بارش ہوئی۔ بلوچستان کے علاقوں تفتان، نوکنڈی، سینڈک اور برآب چاہ میں موسم سرما کی پہلی بارش ہوئی۔ بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا اور دھند چھٹ گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارشیں برسانے والا سسٹم ایران سے بلوچستان میں داخل ہوگیا ہے اور آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔ آج سے ملک کے مختلف حصوں میں بارش کا امکان ہے جس کے باعث سموگ میں بتدریج کمی واقع ہوگی۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج(پیرکو) اور کل (منگل کو) بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ہے کہ اور کراچی میں بھی آئندہ دو روز کے دوران بارش ہو سکتی ہے۔ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کوئٹہ، ژوب، سبی، قلات اور نصیرآباد ڈویژن کے پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے جبکہ مکران ڈویژن اور فاٹا میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔ بالائی پنجاب میں لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، فیصل آباد اور ساہیوال ڈویژن میں بارش کا امکان ہے جب کہ اسلام آباد میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔کراچی اور لاڑکانہ ڈویژن میں پیر سے بدھ کے درمیان بارش کا امکان ہے جب کہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔