پی ایس ایل تھری کا فائنل کراچی میں کرانے کی کمٹمنٹ کی ہے: نجم سیٹھی
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے پی ایس ایل کی تمام ٹیموں کے مالکان کو ایونٹ کا حصہ بننے پر مبارک باد پیش کی اور پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی کے لیے کوششیں کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کے ہونے والی کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ تقریب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل 2018 کے سیمی فائنل مقابلے لاہور میں منعقد کرائے جائیں گے جبکہ انہوں نے پی ایس ایل کا فائنل کراچی میں منعقد کرانے کے حوالے سے کہا کہ وہ پی ایس ایل تھری کا فائنل نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کروانے کی کوشش میں ہیں۔ نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ تنقید کرنے والے ہمارا احساس کرینگے، ہمیں مدد کرینگے تاکہ فائنل کراچی میں ہوسکے۔ تیسرے ایڈیشن کیلئے دنیا کے بڑے بڑے سٹار ڈرافٹنگ میں شامل ہیں۔ پی ایس ایل ٹیموں نے گزشتہ ایڈیشن کے اپنے کھلاڑیوں میں سے 9 کھلاڑیوں کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا جبکہ موجودہ ڈرافٹس کے دوران وہ پلاٹینیئم، ڈائمنڈ اور گولڈ کی کیٹیگری میں ایک ایک کو منتخب کر لیا جبکہ سلور اور ایمرجنگ کیٹیگری میں 2، 2 کھلاڑیوں کا انتخاب کیا گیا۔نجم سیٹھی نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ پی ایس ایل کا فائنل پاکستان میں کرانے کیلئے کمنٹ کی ہے۔ ویسٹ انڈین ٹیم آئندہ سال پاکستان کا دورہ کرے گی۔پی ایس ایل کی کامیابی پاکستان کرکٹ کی کامیابی ہے۔