• news

ویمنز ٹی ٹونٹی : نیوزی لینڈ نے پاکستان کو تیسرا میچ ہرا کر سیریز جیت لی

لاہور (نمائندہ سپورٹس+ سپورٹس رپورٹر) متحدہ عرب امارات میں کھیلے جانے والے میچ میں نیوزی کی ویمن کرکٹ ٹیم نے گرین شرٹس کو 42رنز سے شکست دے کر چار میچوں کی سیریز میں3-0کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی، دونوں ٹیموں کے مابین آخری ٹی ٹونٹی میچ 14 نومبرکو شارجہ میں کھیلاجائے گا۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر126رنز بنائے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے سب سے زیادہ کامیاب بلے باز سوزی بیٹس تھیں جنہوں نے 57گیندوں پر تین چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 65رنز بنا ئے ۔ انکے علاوہ کپتان کیٹی مارٹن اور کاتی پرنکس قابل ذکر رنز بناسکیں جنہوں نے بالترتیب 25 اور 14 رنز بنائے۔ نتالیہ پرویز نے تین اوورز میں 12رنز دیکر دو کھلاڑیوں کو جبکہ نصرہ سندھو نے چار اوورز میں سترہ رنز دے کر ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ملنے والے 126رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم19ویںاوورز میں صرف 84رنز بنا کر آوٹ ہو گئی۔ پاکستان کی جانب سے اوپنرز ناہیدہ خان نے 23،سدرہ امین نے 16،کپتان بسمہ معروف اور جویریہ خان نے چھ،چھ،ثناء میر نے تین،سدرہ نواز اور ناتالیہ پرویز نے بارہ،بارہ، نصرہ سندھو نے دو ، سعدیہ یوسف نے ایک سکور بنایا جبکہ ایمان انور اور عالیہ ریاض بغیر کوئی رنز بنائے آوٹ ہو گئیں۔ 7 کھلاڑی ڈبل فیگر میں داخل نہ ہوسکے۔ میڈیم پیسر ہنا روو نے اٹھارہ رنز دے کر تین اور لیگ سپنرایملیاکیرر نے آٹھ رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں۔سوزی بیٹس کو میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیاگیا۔

ای پیپر-دی نیشن