مونگ پھلی کی برداشت کے وقت احتیاطی تدابیر اپنائی جائیں: ماہرین
لاہور (نیوز رپورٹر) ماہرین زراعت پنجاب راولپنڈی کے ترجمان نے کہاہے کہ بارانی علاقہ جات اور پوٹھوہار میں مونگ پھلی کی فصل کی برداشت کا عمل جاری ہے تاہم کاشتکار مونگ پھلی کی برداشت کے وقت احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ ترجمان کے مطابق مونگ پھلی کی اگیتی برداشت کی صورت میں کچی پھلیوں کی تعداد زیادہ ہوتی ہے جو پیداوار میں کمی کاباعث بنتی ہیں جبکہ تاخیر سے برداشت کے نتیجے میں پھلیوں کا رنگ سیاہ ہو جاتا ہے اور منڈی میں قیمت بھی کم ملتی ہے۔ جب فصل کے پتے خشک ہو کر گِرنا شروع ہو جائیں تو کھیت کے مختلف حصوں سے پودے اکھاڑ کر دیکھیں۔ اگر پھلیوں کے چھلکے کا اندرونی حصہ گہرے بھورے رنگ کا اور گِری کا رنگ گلابی ہو جائے تو فصل پکی ہوئی تصور کی جائے گی۔جب 75 سے80 فیصد سے زیادہ پھلیاں پکی ہوئی ہوں تو فصل برداشت کے لیے تیار ہے۔مونگ پھلی کی برداشت اگر ٹریکٹر ڈِگر سے کی جائے تو فصل کا ضیاع کم سے کم اور پیداوار میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوتا ہے۔