• news

بھارتی سائبر حملوں میں تیزی‘ مشکوک فائل ڈائون لوڈ نہ کرنے کی ہدایت

لاہور ( معین اظہر سے ) بھارت نے پاکستان پر سائبر حملوں میں تیزی پیدا کردی ہے۔ حساس اداروں ، وفاقی وزارتوں کے افسران کو مختلف نئے طریقوں سے ان کے کمپیوٹر‘ لیپ ٹاپ تک رسائی کے طریقے استعمال کرنے شروع کردیئے گئے ہیں۔ وزارت کابینہ ڈویژن کی طرف سے تمام سول حساس اداروں، وفاقی وزارتوں اور اعلیٰ افسران کو لیٹر بھجوایا گیا ہے کہ ایف بی آر ٹیکس تصدیق کی ای میل ، ایف بی آر گائیڈ لائن، فائل ایچ ٹی اے ، اینٹی وائرس ڈٹیکشن اور دیگر ایسی ہی کوئی ای میل جو کسی غیر متعلقہ شخص ، ادارے سے آئے یا کوئی بھی مشکوک چیز ڈائون لوڈ نہ کریں‘ کریں گے تو اس سے آپ کے کمپیوٹر کا کنٹرول دیگر لوگوں کے پاس چلا جائے گا وہ ہر چیز کو چیک کرسکیں گے۔ تفصیلات کے مطابق بھارت کی جانب سے پاکستان میں دہشت گردی کے لئے ایجنٹ بجھوانے کے بعد کروڑوں روپے خرچ کرکے پاکستان کی اہم معلومات چوری کرنے کے لئے نئے طریقے استعمال کرنے شروع کر دیئے گئے ہیں جس کے لئے بعض افسران کی ذاتی ای میل، کمپیوٹر سے تصاویر چوری کرکے ان کو مستقبل میں بلیک میل کرنے کی کوشش سامنے آئی ہے تاکہ ان کے ذریعے اپنے مقاصد حاصل کئے جائیں۔ وزرارت کابینہ ڈویژن کی طرف سے ملک بھر کے اعلیٰ افسران کو جو لیٹر جاری کیا گیا ہے اس میں کہا گیا ہے بعض غیر ضروری لنک ، ای میل اور دیگر مختلف طریقوں سے یعنی مفت اینٹی وائرس کی آفر دی جارہی ہیں جب لنک کو ڈائون لوڈ کرتے ہیں تو آپ کے کمپیوٹر کا سارا ریکارڈ مستقل طور پر ہیکرز کے پاس چلا جاتا ہے۔ بتایا گیا ہے اس کا آئی پی ایڈریس بھارت یا ویتنام ہوتا ہے۔ لیٹر میں کہا گیا ہے اینٹی وائرس کے لئے مفت اینٹی وائرس ڈائون لوڈ نہ کریں بلکہ کسی کمپنی کے اچھے اینٹی وائرس انسٹال کریں۔ اس کے علاوہ سی اینڈ سی سرور کو بلاک کردیں۔ آپ کے کمپیوٹر میں اس طرح کی کوئی چیز ڈائون لوڈ ہوگئی ہے تو کمپیوٹر کو انٹرنیٹ سے علیحدہ کرکے اس میں نیا ونڈو انسٹال کریں۔ تمام سافٹ ویئر، اپ ڈیٹ کرتے رہیں۔ ایسے افراد جن کو جانتے نہیں ان کی ای میل کو ڈائون لوڈنگ پر نہ لگائیں۔ کسی قسم کی غیر قانونی حرکت اپنے کمپیوٹر یا سسٹم میں محسوس کریں تو فوری طور پر وزارت کابینہ ڈویژن کو آگاہ کیا جائے۔

ای پیپر-دی نیشن