شیخوپورہ : ہسپتال عملہ کی بے حسی خاتون نے وارڈ کے باہر بچے کو جنم دے دیا،ورثا کا احتجاج
شیخوپورہ ، شرقپور شریف (نمائندہ خصوصی+ نمائندہ نوائے وقت+ نامہ نگار) شہبازشریف مدر اینڈ چلڈرن ہسپتال میں عملے کی بے حسی اور ہٹ دھرمی کے باعث خاتون نے وارڈ کے باہر بچے کو جنم دیدیا۔ گائوں کوٹ محمود کی مسرت بی بی کو ڈلیوری کیلئے ہسپتال لایا گیا تو عملے نے حالت سیریس ہونے کا بہانہ بناکر اسے داخل کرنے سے انکار کرتے ہوئے لاہور لے جانے کا کہا۔ ورثا کی منت سماجت کے باوجود ڈاکٹروں نے ایک گھنٹہ سے زائد وقت ضائع کیا اور اس دوران مسرت بی بی نے گائنی وارڈ کے باہر ہی بچے کو جنم دیدیا جس پر ورثا نے شدید احتجاج کرتے ہوئے ڈاکٹرز کیخلاف ایکشن لینے کا مطالبہ کیا۔ مسرت بی بی کے خاوند عمران نے بتایا کہ ہسپتال عملے کو واقعہ کا علم ہوا تو زچہ بچہ کو وارڈ میں لے گئے جہاں دونوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ دریں اثنا ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ ارقم طارق نے معاملہ کی تحقیقات کیلئے سی ای او ہیلتھ اور اے ڈی سی پر مشتمل انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی ہے۔