• news

غیر قانونی ٹیکسوں کیخلاف گلگت بلتستان میں ہڑتال، آج بھی دکانیں بند رکھنے کا اعلان

گلگت (نامہ نگار) انجمن تاجران کی کال پر پیر کے روز گلگت بلتستان کے تمام اضلاع میں غیر قانونی ٹیکسوں کے نفاذ کے خلاف مکمل شٹر ڈائون ہڑتال کی گئی۔ گلگت بلتستان کی تمام سیاسی، دینی اور علاقائی پارٹیوں پر مشتمل عوامی ایکشن کمیٹی کی حمایت سے کی جانے والی شٹر ڈائون ہڑتال کے بعد صوبائی حکومت کے ترجمان اورنگزیب ایڈووکیٹ اور وزیر تعمیرات ڈاکٹر اقبال نے یہاں گلگت پریس کلب میں ایک ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ انجمن تاجران کے مطالبے کو مانتے ہوئے صوبائی حکومت نے بنکوں میں وصول کئے جانے والے ود ہولڈنگ ٹیکس کو فوری طور پر ختم کرنے کا اعلامیہ جاری کر دیا ہے۔ ادھر انجمن تاجران نے دیگر تنظیموں سے مشاورت کے بعد شٹر ڈائون ہڑتال کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے آج بھی ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے۔ انجمن تاجران کے ترجمان کے مطابق تمام غیر قانونی و غیر آئینی ٹیکسوں کے خاتمے تک احتجاج جاری رکھا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن