شاہ سلمان دست بردار نہیں ہوں گے: سعودی اہلکار
واشنگٹن (آن لائن)سعودی عرب نے اِن رپورٹس کی تردید کی ہے کہ بادشاہ سلمان بن عبد العزیز السعود اپنے ولی عہد بیٹے محمد بن سلمان کے حق میں تخت سے دستبردار ہو رہے ہیں۔امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق ایک اعلیٰ سعودی اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بلوم برگ نیوز کو بتایا کہ اس بات کا قطعاً کوئی امکان نہیں کہ وہ دستبردار ہو رہے ہیں۔انہوں نے اِس بات کی جانب توجہ مبذول کرائی کہ عام طور پر سعودی بادشاہ بیماری کے باوجود آخری دم تک اپنے فرائض انجام دیتے رہتے ہیں۔تاریخ میں صرف ایک سعودی بادشاہ ایسے گزرے ہیں جنھوں نے اپنی زندگی میں اقتدار سے علیحدہ ہونے کا اعلان کیا تھا۔ شاہ سعود بن عبدالعزیز نے 1960ء کے وسط میں، اپنے حکمران خاندان کے ارکان کے دبائو پر، اپنے بھائی اور تخت کے وارث، شہزادہ فیصل کے حق میں اقتدار چھوڑا تھا۔ اْس وقت بادشاہت کو لاحق مالی بحران سے نمٹنے کیلئے شہزادے نے پہلے ہیں وسیع اختیارات سنبھال رکھے تھے۔سعودی اہلکار نے بلومبرگ کو بتایا کہ 81 برس کے شاہ سلمان، جسمانی اور دماغی طور پر ''بہترین'' حالت میں ہیں اور یہ کہ اْن کے اقتدار چھوڑنے کا کوئی امکان نہیں۔