اسلام آباد:کوئی بھی حکومت یا ادارہ معاشرتی مسائل کو تنہا حل نہیں کرسکتا: مریم اورنگزیب
اسلام آباد(آئی این پی)وزیر مملکت اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ صحت مند پاکستان کے حصول کیلئے آگہی ناگزیر ہے، آنیوالی نسلوں کو محفوظ بنانے کیلئے صحت کے تمام مسائل پر قابو پانا ہوگا،بچے صحتمند ہونگے تو پورا گھرانہ صحتمند ہوگا،صحت سے متعلق والدین کی آگاہی کیلئے مختلف ذرائع استعمال کئے جارہے ہیں،کوئی بھی حکومت یا ادارہ معاشرتی مسائل کو تنہا حل نہیں کرسکتا،ترقیاتی اہداف حاصل کرنے کیلئے تمام اداروں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، پانی اور نکاسی آب سے پیدا ہونیوالے مسائل پوری نسل کو متاثر کرتے ہیں،پاکستانی پارلیمنٹ پہلی پارلیمنٹ ہے جہاں ترقیاتی اہداف کے حصول کا سیکرٹریٹ قائم ہے،ترقیاتی اہداف کا حصول ہمارا بین الاقوامی عزم ہے،سماجی مسائل سے متعلق آگاہی کیلئے میڈیا کا کردار نہایت اہم ہے۔اسلام آباد ماڈل کالج فار گرلز میں ہاتھ دھونے کے عالمی دن کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہاتھ دھونے سے متعلق ایک سماجی آگاہی پروگرام شروع کیا گیا ہے جس میںہاتھ دھونے کی افادیت اور پانی کے استعمال کے بارے میں بھی سکھایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اپنے سیاسی اور معاشی عزم سے اہداف کے حصول کیلئے سنجیدہ ہے، ترقیاتی اہداف کاحصول نجی و سرکاری اشتراک سے ہی ممکن ہے، تمام صوبوں کی توجہ صحت، تعلیم، نکاسی آب اور دیگر مسائل کے حل پر ہے۔ صحت سے متعلق وزیراعلیٰ پنجاب کے پروگرامز سے دوسرے صوبے بھی سیکھ رہے ہیں،سکول کے طلبہ یہ سیکھ لیں ہاتھ دھونا کیوں ضروری ہے،ہاتھ دھونے سے طلبہ بہت سے بیماریوں سے بچ سکتے ہیں۔