• news

نیب کا عبور ی ریفرنس دائر کرنے کا اختیار ہائیکورٹ میں چیلنج‘ 4 دسمبر تک جواب طلب

لاہور (وقائع نگار خصوصی) نیب کی جانب سے عبوری ریفرنس دائر کرنے کا اختیار لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا۔ فاضل عدالت نے نوٹس جاری کرتے ہوئے چیئرمین نیب سے 4 دسمبر تک جواب طلب کر لیا۔ گزشتہ روز دو رکنی بنچ نے درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا نیب آرڈیننس کی دفعہ اٹھارہ اے کے تحت عبوری ریفرنس دائر نہیں کیا جاسکتا۔ نیب نے بہائوالدین زکریا یونیورسٹی کے لاہور کیمپس کے معاملے پر تحقیقات کا آغاز کیا تو یونیورسٹی کے لاہور کیمپس کے قیام میں ملوث افراد کے خلاف ریفرنس نیب عدالت میں دائر کر دیا، بعد ازاں نیب نے درخواست گزار کے خلاف بھی عبوری ریفرنس دائر کردیا، حالانکہ درخواست گزار کا لاہور کیمپس کے قیام میں کوئی کردار نہیں، البتہ درخواست گزار نے کیمپس قائم کرنے کی اجازت کیلئے یونیورسٹی سے رجوع کیا تھا لیکن یونیورسٹی نے کیمپس کسی دوسری پارٹی کو بنانے کی اجازت دے دی، انہوں نے استدعا کی کہ عدالت نیب کے عبوری ریفرنس کو کالعدم قرار دے۔

ای پیپر-دی نیشن