• news

’’آپ نے کہنا ہے عمران اور میرے داماد کیلئے دوہرا معیار کیوں‘‘ پرویز رشید کی پرچیاں، مریم بھی لقمے دیتی رہیں، کیپٹن صفدر کو پچھلی نشست پر جگہ ملی

اسلام آباد (چوہدری شاہد اجمل ) احتساب عدالت میں سابق وزیراعظم نوازشریف کمرہ عدالت سے نکل کرمیڈیا سے گفتگو کی تیاریاں کرتے رہے اس موقع پرسینئر رہنما پرویز رشید بھی کافی متحرک نظرآئے وہ نواز شریف کومیڈیا سے گفتگوکیلئے نکات سمجھاتے رہے۔پرویز رشید نے کہاکہ میاں صاحب،آپ نے کہنا ہے کہ عمران اور میرے داماد کیلئے دوہرا معیا ر کیوں ہے۔سابق وزیر اعظم نوازشریف ایک پیشی کااستثنی ملنے پر مجموعی طور پر 15 روز سے زائد عدالت میں پیش نہ ہونے کا ریلیف حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے اگر 22 نومبر کو احتساب عدالت نے 7 روز کیلئے ریفرنسز کی سماعت ملتوی کی تو 29 نومبرکو دوبارہ سماعت پر پیش ہونا ہوگا، عدالت نے انہیں 20 نومبر سے 27 نومبر تک استثنی دیا ہے۔ آصف کرمانی نے جیب سے پرچی نکال کر پرویز رشید کو دی اور کہاکہ اس پرچی پر میاں صاحب کو پوائنٹس لکھ دیں۔ میاں نوازشریف نے کہاکہ صرف دو تین جملے ہی ہوں، اس گفتگو کے دوران مریم نواز بھی جوشیلے انداز میں لقمے دیتی رہیں اور اپنے والدکوتسلیاں بھی دیتی رہیں اور نواز شریف سماعت کے دوران نوٹس بھی لیتے رہے۔ کمرہ عدالت میں دائیں جانب موجود پہلی قطار میں پہلی نشست پر پرویز رشید دوسری نشست پر سابق وزیراعظم نواز شریف جبکہ تیسری نشست پرمریم نواز بیٹھیں تاہم کیپٹن ریٹائرڈصفدرحسب روایت پچھلی قطارمیں ایک نشست پربیٹھے لوگوں سے گپ شپ کرتے رہے نواز شریف سے اظہار یکجہتی اور اپنے قائد کو دیکھنے کیلئے ن لیگی کارکنان بڑی تعداد میں احتساب عدالت کے قریب پہنچ گئے اور ہاتھ اٹھا اٹھا کر پارٹی لیڈر کے حق میں نعرے لگائے۔ ایک موقع پر جذباتی کارکنوں نے نواز شریف کی گاڑی بھی روکی۔ نواز شریف کی چھٹی مریم اور کیپٹن صفدر کی آٹھویں پیشی تھی۔

ای پیپر-دی نیشن