نوازشریف پر کرپشن کا الزام نہیں‘ عدالتی فیصلے پر سوالات‘ عوام 2018ء میں جواب دینگے: مریم اورنگزیب
اسلام آباد(این این آئی+صباح نیوز)وزیر مملکت اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ نوازشریف کیخلاف کوئی ثبوت نہیں ملا اور وزیراعظم کو ایک اقامہ پر گھر بھیج دیا گیا۔ احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ کوئی ثبوت نہیں ملا اور وزیراعظم کو ایک جلدبازی میں اقامہ پر گھر بھیج دیا گیا۔جے آئی ٹی کی عبوری رپورٹ کا والیم ٹین ابھی بھی بن رہا ہے۔ نواز شریف پر کرپشن کا کوئی ثبوت یا الزام نہیںجب انصاف ہوتا نظر نہ آئے تو سوال تو اٹھتے ہیں ٗ سوالوں کے جواب پاکستان کے عوام 2018 میں دیں گے۔ وزیر ریلوے خواجہ محمد سعد رفیق نے کہا سیاسی جماعتیں‘ میڈیا‘ عدلیہ‘ اسٹیبلشمنٹ اور بیورو کریسی مل کر جمہوریت کو مضبوط کریں۔دھرنوں کا شوقین ایک فرد سیاست کی جنگ سیاسی میدان سے نکال کر عدالت میں لایا جس کے نتیجے میں سیاستدانوں کی بھی سبکی ہو رہی ہے۔ سعد رفیق نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان جلن اور حسد کی بیماری کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کون کیا کر رہا ہے‘ اس کا جائزہ لینا چاہئے۔ دریں اثناء عابد شیر نے کہا ہے کہ اچانک حربے استعمال کرنیوالوں پر اچانک زوال آتا ہے‘ جدھر نوازشریف ہیں عوام بھی ادھر ہیں‘ جھوٹ بولنے والوں کے ساتھ کوئی نہیں ہے۔