سینٹ قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور کے وفد کی ننکانہ آمد، گوردوارہ کا دورہ
ننکانہ صاحب (نامہ نگار خصوصی+ نامہ نگار) سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کے وفد کا گوردوارہ جنم استھان کا دورہ، گوردوارہ کی بہترین تزئین آرائش اور حفاظت کے لئے حکومتی اقدامات کو سراہا۔ تفصیلات کے مطابق سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کے وفد نے چیئرمین حافظ حمد اللہ کی قیادت میں گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب کا دورہ کیا، وفد کے ارکان نے گوردوارہ جنم استھان کے مختلف حصوں کو دیکھا ان میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا، وفد کے ارکان نے تاریخی اہمیت کے حامل گوردوراہ جنم استھان کی بہترین تزئین و آرائش اور حفاظت کے لئے متروکہ وقف املاک بورڈ کے اقدامات کو سراہا، وفد میں سینیٹر ساجد میر، سینیٹر باز محمد خان، سینیٹر گیان چند، سینیٹر ڈاکٹر اشوک کمار اور سینیٹر ایم حمزہ شامل تھے۔ گوردوارہ جنم استھان پہنچنے پر چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ صدیق الفاروق، ایڈیشنل سیکرٹری مذہبی امور الیاس خٹک، ایڈیشنل سیکرٹری شرائن طارق وزیرخان، ڈپٹی سیکرٹری شرائن محمد عمران گوندل، مینجر گوردوارہ جنم استھان سید عتیق الرحمان گیلانی، ایم پی اے ملک ذوالقرنین ڈوگر اور مقامی سکھ رہنمائوں نے وفد کے ارکان کا شاندار استقبال کیا، گلدستے پیش کئے۔ اس موقع پر چیئرمین اوقاف صدیق الفاروق ودیگر نے وفد کے ارکان کو گوردوارہ جنم استھان اور سکھ مذہب کی تاریخ، حکومت پاکستان کی طرف سے گوردوارہ میں جاری مختلف ترقیاتی کاموں کے بارے بتایا۔ وفد نے بابا گورونانک کے پرکاش استھان، شہیدی جنڈ، لنگر خانہ، سرور صاحب اور مین استھان سمیت گوردوارہ کے دیگر حصوں کا دورہ کیا۔