سانحہ صفورا: فوجی عدالت سے سزائے موت کیخلاف دہشتگردوں کی اپیلوں پر دلائل طلب
کراچی(این این آئی)سندھ ہائی کورٹ نے سانحہ صفورا میں فوجی عدالت سے سزائے موت کے خلاف دہشتگردوں کی اپیلوں پر وکلا سے دلائل طلب کرلیئے۔سندھ ہائی کورٹ کے 2 رکنی بینچ کے روبرو سانحہ صفورا میں فوجی عدالت کی سزائے موت کے خلاف دہشتگردوں کی اپیلوں کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے اپیلیں قابل سماعت ہونے سے متعلق درخواست گزار کے وکیل سے دلائل طلب کرلیے۔ ریمارکس دیتے ہوئے عدالت نے کہا کہ بتایا جائے کہ آرمی عدالت سے سزائے موت پانے والے مجرموں کی اپیلیں کس قانون کے تحت قابل سماعت ہیں۔عدالت نے مجرموں کی سزا کے خلاف اپیل پر جنوری 2018 کے دوسرے ہفتے تک قانونی آرا بھی طلب کرلیں۔ فوجی عدالت نے دہشت گرد سعد عزیز، طاہر منہاس، اظہر عشرت، حافظ ناصر اور اسد الرحمان کو سزائے موت سنائی تھی۔ فوجی عدالت نے دہشت گردوں کو سانحہ صفورا اور دہشت گردی کے دیگر مقدمات میں سزائے موت سنائی تھی۔دائر درخواستوں میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزاروں کو فوجی عدالت نے مختلف الزامات میں موت کی سزا سنائی ہے۔