دعا کریں اللہ پاکستان اور ہم پر رحم کرے‘ وعدہ ہے عوام کی عدالت میں سرخرو ہونگے : نوازشریف
مری+ لاہور (نامہ نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ+ خصوصی رپورٹر) ہماری حکومت غریب لوگوں کی ترقی اور خوشحالی کیلئے ان کو روزگار کے مواقع فراہم کرتی رہے گی اس سلسلے میں پوری قوم اور اللہ تعالیٰ سے جو عہد ہے انشاءاللہ نوازشریف اس کو پورا کرے گا۔ ان خیالات کا اظہار سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے مری میں اپنی رہائش گاہ کشمیر پوائنٹ پر اسلام آباد کی جانب روانگی کے موقع پر وہاں جمع ہونے والے لیگی کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مریم نواز بھی ان کے ہمراہ تھیں کارکنوں نے محمد نواز شریف کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ جو عزت توقیر مری کی عوام نے مجھے دی ہے وہ قابل ستائش ہے جسے وہ کبھی بھی فراموش نہیں کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ لیگی کارکن مسلم لیگ ن کا سرمایہ ہیں ایسے میں انہوں نے کہا اللہ تعالیٰ پاکستان کی حفاظت کرے جبکہ ہم سب ملکر پاکستان کی تعمیر و ترقی کیلئے کام کرینگے۔ انہوں نے یونین کونسل نمبل کے لیگی کارکنوں کی جانب سے وہاں سوئی گیس کی فراہمی کی رفتار میں سست روی کی شکایت پر انہیں یقین دہانی کروائی کہ اس منصوبے کی رفتار کو تیز کرنے کیلئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے بات کریں گے۔ ٹی وی کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ترقی کا جو سفر شروع کیا تھا وہ تیزی سے آگے بڑھے گا۔ قوم اور اللہ سے وعدہ ہے خدمت کا فرض ادا کرتا رہوں گا، لوگوں کا پیار میرے لئے باعث عزت ہے۔ سابق وزیراعظم نے لوگوں سے کہا کہ دعا کریں اللہ تعالیٰ پاکستان پر اور ہم پر رحم کرے۔ انہوں نے کہا کہ میرا وعدہ ہے اللہ اور عوام کی عدالت میں سرخرو ہوں گے۔ نوازشریف نے کہا ہے ان کے خلاف انتقامی کارروائی کی جارہی ہے لیکن وہ بھاگنے والے نہیں ہیں بلکہ عدالتوں میں قانونی جنگ لڑیں گے۔ نواز شریف نے کہا ہے کہ تحریک خوشحالی پروگرام کے تحت غریب لوگوں اور نوجوان نسل کو زیادہ سے زیادہ روز گار کے مواقع دیئے جائینگے۔ سابق وزیراعظم محمد نواز شریف بدھ کے روز اسلام آباد احتساب عدالت میں پیشی کے بعد مری چلے گئے تھے گزشتہ روز بذریعہ سڑک لاہور آ گئے اور جاتی امراءپہنچ گئے اس موقع سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔
اسلام آباد (محمد نواز رضا/وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے پاکستان مسلم لیگ (ن) نے رابطہ عوام کے لئے اپنے ”نئے سیاسی بیانیہ“ کو حتمی شکل دیدی ہے۔ وہ 19 نومبر 2017ءکو کھل کر ان عوامل پر روشنی ڈالیں گے۔ جن کے باعث ان کو اقتدار سے الگ کیا گیا ہے۔ میاں نوازشریف نے نرم پالیسی اختیار کرنے کے مشورے کو قابل درخور اعتنا نہیں سمجھا تاہم وہ اسٹیبلشمنٹ کے بارے میں احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑیں گے۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) جلد نئی یوتھ اور خواتین پالیسی کا اعلان کرے گی۔سابق وزیراعظم محمد نوازشریف نے پارٹی کے پالیسی ساز ادارے کو یوتھ اور خواتین کے لئے پالیسی تیار کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے بعض رہنما میاں نوازشریف کو ”ہتھ ہولا“ رکھنے کا مشورہ دے رہے ہیں لیکن میاں نوازشریف نے کہا کہ وہ حقائق کو منظر عام پر لاکر اپنی پوزیشن کلیئر کریں گے اور نتائج کی پرواہ کئے بغیر قوم کو حقائق سے آگاہ کریں گے۔
نوازشریف/ حقائق