• news

;مثبت رویے کے باوجود افغانستان سے دہشت گردی جاری ہے : آرمی چیف‘ امن کیلئے پاکستان کی کوششیں قابل تعریف ہیں : امریکی کمانڈر

لاہور/ اسلام آباد (خصوصی رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ مشکلات کے باوجود دہشت گردی کے خاتمے اور امن کےلئے حد سے بڑھ کر کوششیں کی ہیں، افغانستان میں قیام امن پاکستان کےلئے کسی بھی دوسرے ملک سے زیادہ اہم ہے، امریکی سینٹ کام کمانڈر جنرل جوزف ووٹل نے انسداد دہشت گردی کےلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔ جمعرات کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکی سینٹ کام کے کمانڈر جنرل جوزف ووٹل نے جی ایچ کیو میں ملاقات کی۔ آرمی چیف اور کمانڈر جنرل جوزف ووٹل نے خطے میں سکیورٹی کی صورتحال، افغانستان اور پاک افغان سرحدی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ آرمی چیف نے کمانڈر سینٹ کام کو بتایاکہ پاکستان نے رکاوٹوں کے باوجود اپنی طرف سے بہترین اقدامات اٹھائے ہیں اور اپنے مستقبل کی خاطر پاکستانی عوام کی امنگوں کے مطابق کوششیں جاری رکھے گا تاہم افغانستان کی جانب سے ہمیں مثبت جواب نہیں ملا۔ ہمارے مثبت رویئے کے باوجود سرحد پار سے حملے جاری ہیں۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان کے مثبت رویئے کے باوجود افغان سرزمین سے دہشت گردی کا سلسلہ جاری ہے۔ امریکی سفارتخانے نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سینٹ کام کے کمانڈر جنرل جوزف ووٹل نے پاکستان کا 2 روزہ دورہ کیا۔ جنرل جوزف نے چیئرمین جائنٹ چیفس آف سٹاف جنرل زبیر محمود حیات اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔ جنرل جوزف نے سربراہ آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار سے بھی ملاقات کی۔
آرمی چیف

ای پیپر-دی نیشن