• news

عوام کیلئے کچھ نہ کرنے والوں کو ترقی نہیں بھاتی : شہبازشریف

لاہور(خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہبازشریف کی زیر صدارت دو گھنٹے تک اجلاس میں شعبہ صحت میں اصلاحات کے پروگرام پر عملدرآمد اور ہیلتھ پراجیکٹس پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ شہبازشریف نے کہا کہ اربوں روپے کے وسائل عام آدمی کو معیاری ، بہترین اور جدید طبی سہولتوں کی فراہمی کے منصوبوں پر صرف کئے جا رہے ہیں اورصوبے بھر میں بڑے ہیلتھ پراجیکٹس کی تکمیل سے عوام کو جدید طبی سہولتیں مل رہی ہیں۔ لاہور اور ملتان میں جدید سنٹرل پیتھالوجی لیبز بنائی جائیں گی۔ ہسپتالوں میں چھوٹی لیبز بھی بنیں گی جو سنٹرل لیبز سے سیٹلائٹ کے ذریعے منسلک ہوں گی اوران لیبز میں ہر قسم کے ٹیسٹ کی سہولت ہو گی۔ ان لیبز کا نظام خود کار ہو گا اور یہاں لیب انفارمیشن مینجمنٹ سسٹم بھی ہو گا۔ سنٹرل لیبزکے قیام کا منصوبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور اسے تیزی سے آگے بڑھانا ہے۔ پیتھالوجی لیبز کے قیام کے حوالے سے روڈ شو کا بھی انعقاد کیا جائے ۔ صوبے میں آئندہ نئے ہسپتال پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ماڈ ل کے تحت ہی بنیں گے۔ عوام کو ہیپاٹائٹس کے موذی مرض سے بچانے کےلئے ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام انتہائی اہمیت کا حامل ہے ہیلتھ فسیلٹیز میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ ادویات کی خریداری،ترسیل اور تقسیم کا بھی ڈیجیٹل نظام بنایا گیا ہے۔ وزیر اعظم ہیلتھ انشورنس پروگرام صوبے کے تمام اضلاع تک بڑھایا جائے گا بڑے ہسپتالوں میں کارکردگی کی بنیادپر ایوارڈ دینے کا پروگرام بھی بنایا لیا گیا ہے۔ شہبازشریف نے تربت میں قتل ہونے والے افراد کے لواحقین کے لئے مالی امداد کا اعلان کیا ہے پنجاب حکومت مقتولین کے لواحقین کو فی کس 10لاکھ روپے مالی امداد دے گی- شہبازشریف نے کہاہے کہ جن عناصر نے معصوم لوگوں کی زندگیاں چھینی ہیں وہ کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں-معصوم لوگوں کو بیرون ملک بھجوانے کا جھانسہ دینے والے عناصر کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے-انہوں نے کہاکہ پنجاب پولیس اس ضمن میں ایف آئی اے کے ساتھ ملکر ایسے جعلی ٹریول ایجنٹس کا قلع قمع کرے گی-پنجاب اور وفاقی حکومت ملکر اس ناسور کا خاتمہ کریں گے۔ ارکان قومی اسمبلی سے گفتگو میں محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں میں کرپشن، لوٹ مار اور اقربا پروری قصہ پارینہ بن چکی ہے۔پنجاب حکومت نے ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت کو پروان چڑھایا ہے اور حکومت کے منصوبے شفافیت اور معیار کے اعتبار سے اپنی مثال آپ ہیں۔ بین الاقوامی ادارے بھی پنجاب حکومت کی میرٹ اور شفافیت پالیسی کے معترف ہیں۔ ترقیاتی منصوبوں میں سوفیصد شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے تھرڈ پارٹی آڈٹ سسٹم بنایا گیا ہے اور شفافیت سے منصوبوں میں بچائے گئے اربوں روپے فلاح عامہ کے منصوبوں پر صرف کئے جا رہے ہیں۔ عوام کے لئے کچھ نہ کرنے والوں کو ترقی ایک آنکھ نہیں بھاتی اور ترقی کے مخالفین کی منصوبوں پر تنقید دراصل عوام سے دشمنی کے مترادف ہے۔ وزیراعلیٰ زےرصدارت ایک اور اجلاس میں لاہور نالج پارک مےں برطانوی سرمایہ کاروں کی جانب سے جدید ہسپتال و میڈیکل کالج کے قےام کے منصوبے کی تجوےزکا جائزہ لےاگےا۔ وزیراعلیٰ سے وزیر مملکت برائے مذہبی امور و بین الاقوامی المذاہب ہم آہنگی پیر امین الحسنات نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ عالمی یوم طلباءیہ پیغام ہیں وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ طلباءکسی بھی ملک کا عظیم سرمایہ ہوتے ہیں اور معیاری اور جدید تعلیمی سہولیات ان کا بنیادی حق ہے۔تعلیم ایک ایسا زیور ہے جس کے بغیر انسان سماجی واقتصادی ترقی نہیں کر سکتا۔
شہباز شریف

ای پیپر-دی نیشن