جھنگ، ساہیوال، ننکانہ، سانگلہ : ہسپتالوں کی نجکاری کیخلاف ملازمین کی ہڑتال دھرنا
جھنگ+ ساہیوال+ ننکانہ صاحب+ سانگلہ ہل (نامہ نگاران+ نمائندہ نوائے) الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز وملازمین کی طرف ہسپتالوں کی نجکاری کے خلاف، مطالبات کے حق میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال جھنگ میں احتجاجی دھرنا دیا گیا ۔ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں پیرا میڈکس, نیوٹریشن سپروائزر, سٹاف نرسز،ڈاکٹرز اوراپیکا ملازمین نے ہسپتالوں کی نجکاری کے خلاف ڈی ایچ کیو ہسپتال میں دھرنا دیا۔احتجاجی دھرنا میںالائیڈ ہیلتھ پروفیشنلزضلعی صدرمحمدرمضان صابر سیال،ڈی ایچ کیو صدر غلام شبیر کلیار،جنرل سیکرٹری عبیداللہ قریشی،چیئرمین عارف اکیرا،صدر نیوٹریشن نصراللہ خان، صدر ایپکا ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ منظور احمد،امان اللہ مگھیانہ،فرزانہ شاہین،غلام جعفر،عمر یعقوب،رفعت چوہدری ، سمیت محکمہ صحت ضلع جھنگ کے ڈاکٹرز، ملازمین نے کثیر تعداد میں شرکت کی اس موقع پر خطاب کرتے مقررین نے کہا کہ صحت ایساشعبہ ہے جوکہ کسی بھی شخص کی بنیادی ضروریات میں شامل ہے لیکن ان اہم شعبوں کو حکومت ہسپتال پرائیویٹ کر کے ملازمین کے ساتھ ظلم کرنا چاہتی ہے جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا ۔ ساہیوال سے بھی سرکاری ہسپتالوں کو پرائیویٹائز کرنے کے فیصلہ کے خلاف ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ٹیچنگ ہسپتال کی پیرا میڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن کے صدر رائے ظفر احمد چیئرمین صلاح الدین اور اصغر علی کی قیادت میں احتجاجی ریلی نکالی گئی ریلی مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی آئوٹ ڈور ڈیپارٹمنٹ کے گیٹ پر پہنچی تو اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے مطالبہ کیا کہ حکومت سرکاری ہسپتالوں کو پرائیویٹ کمپنیوں کے سپرد کرنے کا فیصلہ واپس لیں۔ مقررین نے بینرز اٹھا رکھے تھے جس پر یہ نعرے درج تھے کہ ماریں گے مر جائیں گے نجکاری رکوائیں گے بعد میں مظاہرین پرامن طور پر منتشر ہو گئے۔ صوبائی صدر ایپکا ظفر علی خان کی ہدایت پر ضلع ساہیوال میں سرکاری ملازمین نے گزشتہ روز مطالبات کے حق میں قلم چھوڑ ہڑتا کی اس موقع پر خالد محمود انصاری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کنٹریکٹ ملازمین کو ریگولر کرے ہائوس رینٹ نئے سکیل کے ساتھ سیکرٹری کی طرح ملازمین کو یوٹیلٹی الائونس اور ریٹائرمنٹ پر گروپ انشورنس یکمشت دے ملازمین کا احتجاج مطالبات کی منظور تک جاری رہے گا جنرل سیکررٹی محمد صفدر سینئر نائب صدر ابرار حسین بھٹی ظہور احمد تنویر حسین کے علاوہ دیگر نے بھی خطاب کیا۔ علاوہ ازیں ننکانہ صاحب میں بھی پیرا میڈیکل سٹاف کی طرف سے دھرنا دیا گیا ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ننکانہ صاحب سے آفیسر سپورٹس کلب ننکانہ صاحب تک احتجاجی ریلی نکالی گئی مقررین نے خطاب کرتے کہا کہ مراکز صحت نجی کمپنی کو ٹھیکے پر نہ دیئے جائیں مخصوص عناصر کو نوازنے کیلئے مراکز صحت نجی کمپنی کے حوالے سے کئے جا رہے ہیں مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ننکانہ صاحب میں سینٹری ورکرز کی جو 32 آسامیاں ختم کی گئی ہیں ان کو فوری طور پر بحال کیا جائے ان پر عملہ کو بھرتی کیا جائے۔ پنجاب پیرا میڈکس الائنٹس تحصیل سانگلہ ہل نے بھی حکومت پنجاب نجاری کرنے کی پالیسی کیخلاف شدید احتجاج کیا ہسپتالوں میں کام بند رہا مریضوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ملازمین نے ریلی نکال قیادت ڈویژنل چیئرمین ظہیر احمد بوبک تحصیل صدر شیخ محمد ندیم اور امجد عزیز نے کی ریلی تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال سے شروع ہوئی جو تھانہ روڈ فیصل آباد روڈ حمید نظامی روڈ سے گزرنی ہوئی ڈپٹی ڈی ای او ہیلتھ کے دفتر کے سامنے اختتام پذیر ہوئی ۔ مظاہرین نے حکمرانوں کی مذکورہ پالیسیوں کیخلاف آخری دم تک لڑنے کا عزم کیا۔