گوجرانوالہ: سنگدل باپ نے بیوی سے جھگڑے پر دو کمسن بیٹیوں کو نہر میں پھینک دیا
گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) غربت سے تنگ باپ نے بیوی کے ساتھ جھگڑے پر طیش میں آکر دو کمسن بیٹیوں کو نہر میں پھینک دیا۔ سلیم کالونی کے مبین کا گھر میں کھانا پکا نے کیلئے سودا سلف نہ ہونے پر اپنی بیوی سے جھگڑا ہوا جس پر طیش میں آکر مبین نے اپنی دو بیٹیوں 2 سالہ حرم اور 8 ماہ کی زینب کو نہر اپر چناب میں پھینک دیا۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر بچیوں کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن شروع کردیا جبکہ تھا نہ سیٹلائٹ ٹاؤن پولیس نے ملزم مبین کو حراست میں لیکر تفتیش شروع کردی ہے۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم کا کھانے کیلئے گھر میں سامان نہ ہونے پر بیوی سے جھگڑا ہوا تھا جس پر اس نے سفاکی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کمسن بیٹیوں کو نہر میں پھینک دیا۔ اندھیرا ہونے کے باعث ریسکیو اہلکاروں کو بچیوں کی تلاش میں مشکلات کا سامنا کر نا پڑ رہا ہے۔