ختم نبوت حلف نامہ بحالی کی منظوری `مذہبی جماعتوں کا یوم تشکر‘ ریلیاں
لاہور، کراچی (خصوصی نامہ نگار+ نامہ نگاران+ خصوصی رپورٹر) ختم نبوت حلف نامہ اصل صورت میں بحال ہونے کی قومی اسمبلی اور سینٹ سے منظوری پر ملک بھر میں مذہبی جماعتوں کی طرف سے یوم تشکر منایا گیا جبکہ اور قومی اسمبلی، سینٹ سے انتخابات ترمیمی بل 2017ء متفقہ طور پر منظور ہونے اور عقیدہ ختم نبوت والے حلف نامے کے حوالے سے شقوں کی من و عن بحالی کا خیرمقدم کیا گیا۔ علماء کی جانب سے جمعہ کے اجتماعات میں متفقہ قراردادوں میں مطالبہ کیا گیا کہ حکومت ختم نبوت حلف نامہ میں تبدیلی کے اصل کرداروں اور راجہ ظفر الحق کمیٹی کی سفارشات کو قوم کے سامنے لائے۔ ختم نبوت قانون میں تبدیلی یا نرمی کو مسلمان برداشت نہیں کریں گے۔ حکومت قادیانیوں کے بارے میں کسی قسم کے بیرونی دبائو کو ہر گز قبول نہ کرے۔ پاکستان علماء کونسل کے وائس چیئرمین مولانا عبید الرحمن ضیاء اور دیگر علماء نے جمعہ کے اجتماعات میں قادیانی اقلیت کی تیزی سے بڑھتی ہوئی سیاسی، سماجی اور تبلیغی سرگرمیوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا قادیانیوں کی اسلام اور ملک دشمن سرگرمیوں کی روک تھام کیلئے فوری طور پر عملی اقدامات کئے جائیں۔ اسلام اور آئین پاکستان کے باغیوں کیلئے نرمی کسی صورت قابل قبول نہیں۔ پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی ، پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان کے صدر حافظ طاہر محمود اشرفی، اہلسنت جماعتوں کے الائنس ’’نظام مصطفے متحدہ محاذ ‘‘کے رہنماؤں صاحبزادہ سید حامد سعید کاظمی، صاحبزادہ حامد رضا، علامہ پیر سید ریاض حسین شاہ، ڈاکٹر ابو الخیر محمد زبیر، صاحبزادہ شاہ اویس نورانی، پیر سید محمد عرفان شاہ مشہدی ،ثروت اعجاز قادری، تحریک ختم نبوت رابطہ کمیٹی پاکستان کے رہنمائوں سید عطاء المہمین بخاری، مولانا زاہد الراشدی، حافظ عاکف سعید، فرید احمد پراچہ، مولانا عبدالرئوف فاروقی، مولانا الیاس چنیوٹی، کفیل بخاری، شفیق پسروری، قاری زوار بہادر، علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا کہ قومی اسمبلی اور سینٹ میں ختم نبوت حلف نامہ اور شق بی اور سی کی بحالی خوش آئند ہے۔ ختم نبوت سے متعلق تمام شقوں کی پرانی حالت میں من و عن بحالی پوری قوم کیلئے خوشخبری ہے۔ اہل حق کی مشترکہ کوششوں سے قادیانی لابی کی سازش ناکام ہو گئی ہے۔ ختم نبوت کے تحفظ کیلئے جدوجہد کرنے پر عاشقان رسول مبارکباد کے مستحق ہیں۔ اہلسنت راہنماؤں نے کہا ہے کہ حکومت حالیہ تحریک ختم نبوت کے دوران گرفتار کئے گئے تمام افراد کو فی الفور رہا کرے اور تمام مقدمات واپس لئے جائیں۔ ورلڈ پاسبان ختم نبوت کے زیراہتمام بھی جمعتہ المبارک کو یوم مطالبات تحفظ ختم نبوت کو یوم عزم کے طورپر منایا گیا۔ علماء نے ختم نبوت حلف نامے کی آئینی شقوں 7بی اور 7 سی کی پارلیمنٹ سے منظوری کا بھرپور خیرمقدم کیا۔ علاوہ ازیں قائد ورلڈ پاسبان علامہ محمد ممتاز اعوان اور دیگر کی قیادت میں شاہ عالم چوک سے اخبار مارکیٹ لوہاری گیٹ تک مارچ بھی کیا گیا۔ علاوہ ازیں فیصل آباد، جکھڑ ، سانگلہ ہل، کمالیہ ، ڈسکہ میں بھی ریلیاں نکالی گئیں۔ دریں اثنا تحریک لبیک یا رسول اللہﷺ العالمی کی دعوت پر پورے ملک میں کاروانِ ختم نبوت کے منظور شدہ چھ مطالبات پر عملدرامد کے سلسلہ میں ’’یوم وفائے ختم نبوت‘‘ منایا گیا۔ ڈاکٹر اشرف آصف جلالی نے جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے امریکہ کے ختم نبوت اور قانون ناموس رسالت 295cکے خلاف بیان پر اپنا شدید رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا امریکہ ہمارے مذہبی معاملات میں مداخلت سے باز رہے ۔عقیدہ ختم نبوت اور قانون ناموس رسالت کے خلاف امریکی بیان کروڑوں مسلمانوں کے مقدس جذبات کو مجروح کرنے کی کوشش ہے۔کراچی میں بھی پاکستان سنی تحریک کی اپیل پر جمعہ کو ملک گیر تحفظ ختم نبوت کے طور پر منایا گیا۔