اتر پردیش حکومت کے مسلمانوں پر انسانیت سوز مظالم ‘راشن بند کر دیا پانچ روز سے بھوکی خاتون چل بسی
کانپور (آئی این پی) بھارتی ریاست اتر پردیش کی متعصب حکومت نے مسلمانوں کا راشن بھی بند کر دیا، بندش کیساتھ ہی رائے بریلی میں ایک مسلمان خاتون بھوک سے نڈھال ہوکر چل بسی، خاندان کا کہنا ہے کہ سکینہ پانچ روز سے بھوکی تھی۔ وزیراعلی یوگی ادتیہ کی حکومت نے پہلے تاج محل اور دیگر مسلم سیاحتی مقامات کو سیاحتی کتابچے میں سے نکالا اور پھر ٹیپو سلطان سمیت دیگر مسلم شہنشاہوں کے سالگرہ منانے پر بھی اعتراض کیا اب مسلمانوں کا راشن بھی بندکردیا گیا ہے۔ اترپردیش حکومت نے آدھار راشن سکیم کے تحت کم پیسوں میں غریبوں کو دیا جانا والا راشن مسلمانوں کو دینا بند کردیا ہے۔ بھوک کے باعث مرنے والی مسلم خاتون سکینہ کے خاندان نے کہاکہ دکاندار نے کارڈ دکھانے کے باوجود راشن نہیں دیا اور خاندان مسلسل فاقے کاٹنے پر مجبور تھا۔ خاندان کا کہنا تھا کہ سکینہ بیمار تھی اور مسلسل بھوک کے باعث دم توڑ گئی۔