• news

مجید نظامی سپورٹس گالا، دفاعی چیمپئن حاذق خان، رفیق سلطان نے سنوکر ایونٹ جیت لیا

لاہور (حافظ محمد عمران/ نمائندہ سپورٹس) مجید نظامی سپورٹس گالا کے دوسرے ایڈیشن کے افتتاحی روز کھیلے جانیوالے سنوکر ایونٹ میں وقت نیوز کے دفاعی چیمپئن حاذق خان اور رفیق سلطان کی جوڑی اعزاز کا دفاع کرنے میں کامیاب رہی۔ سنوکر کے ڈبلز مقابلوں میں دفاعی چیمپئن جوڑی نے فائنل میں دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد شعبہ مارکیٹنگ کی جوڑی عاطف بیگ اور حافظ عبدالقادر کو شکست دیکر ٹائٹل اپنے نام کیا۔ فائنل میں دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کو زیر کرنے کی بھرپور کوشش کی۔ سکور میں اتار چڑھائو آتا رہا لیکن حاذق اور رفیق فتح حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ کلیرو واٹر کے تعاون سے سپورٹس گالا میں نوائے وقت گروپ کے سٹاف ممبران کی بڑی تعداد موجود تھی۔ سنوکر ایونٹ میں بیس ٹیموں کے چالیس کھلاڑیوں نے حصہ لیا ناک آوٹ بنیاد پر کھیلے جانیوالے اس ایونٹ کے سیمی فائنل میں پہنچنے والوں میں محمد اعظم اور خالد محمود کی جوڑی کو عاطف بیگ اور حافظ عبدالقادر جبکہ شعبہ اکائونٹس کے ندیم منظور اور راحیل بیگ کو حاذق خان اور رفیق سلطان کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ سنوکر ایونٹ کا افتتاح جنرل مینجر مارکیٹنگ نوائے وقت گروپ بلال محمود نے کیا انہوں نے کہا کہ سپورٹس گالا کے انعقاد کا مقصد نوائے وقت فیملی کے افراد کو اچھی تفریح فراہم کرنا ہے گذشتہ سال کی نسبت ہم نے بہتر انتظامات کیے ہیں اور کھیلوں میں بھی اضافہ کیا ہے ہماری کوشش ہے کہ ہر سال اس میں بہتری لائیں اور مختلف کھیلوں میں شرکت کرنیوالوں کی بہتر انداز میں حوصلہ افزائی بھی کریں۔ مجھے سنوکر ایونٹ کے افتتاح کے موقع پر بہت خوشی ہو رہی ہے اپنے ساتھیوں کے چہروں پر خوشی اور جوش و جذبہ انمول ہے ہم کوشش کریں گے یہ یہ خوشیاں قائم اور جوش و جذبہ بڑھتا رہے۔ بہترین انتظامات پر ہیومن ریسورس ڈیپارٹمنٹ،آرگنائزنگ کمیٹی اور سپورٹس کمیٹی کے اراکین مبارکباد کے مستحق ہیں سب سے بڑھ کر مینجنگ ڈائریکٹر محترمہ رمیزہ مجید نظامی کا مشکور ہوں جنہوں نے اس آئیڈیا کو سب سے زیادہ سپورٹ کیا ان کی سپورٹ سے ہی ہم اس گالا کے انعقاد اور اسے کامیاب بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ ایونٹ کے اختتام پر ایڈیٹر دی نیشن سلیم بخاری نے سنوکر ایونٹ کے فاتح حاذق خان اور رفیق سلطان کو ٹرافی دی۔ بیسٹ اینٹرٹینر کی ٹرافی فائنل ہارنے والے عاطف بیگ کے حصے میں آئی۔ شفیق سلطان، ندیم صدیقی، ریاض بھٹی اور عامر ادریس نے بھی کھلاڑیوں میں نقد انعامات اور ٹرافیاں تقسیم کیں۔ کلیرو واٹر کے اشتراک سے ہونیوالے مجید نظامی سپورٹس گالا کے دوسرے ایڈیشن میں کل بیڈ منٹن کے مقابلے شیپس ہیلتھ کلب گلبرگ میں ہونگے۔ 

ای پیپر-دی نیشن