انڈر 19 ایشیا کرکٹ کپ: افغانستان نے نیپال کو ہرا دیا‘ پاکستان سے فائنل کل ہوگا
کوالالمپور(نمائندہ سپورٹس +سپورٹس رپورٹر ) افغانستان کی ٹیم نے بھارت کو اپ سیٹ شکست دینے والی نیپالی ٹیم کو ہرا کر فائنل میں جگہ بنالی۔اے سی سی انڈر19 ٹورنامنٹ کا فائنل کل پاکستان اور افغانستان کی ٹیموں کے مابین کھیلا جائے گا،گزشتہ روز کھیلے جانے والے دوسرے سیمی فائنل میں افغانستان نے 7 وکٹ کیساتھ کامیابی حاصل کرتے ہوئے ٹائٹل کی جانب پیش قدمی جاری رکھی۔کوالالمپور میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، نیپال کی ٹیم 28 اوورز میں صرف 103رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، انیل ساہا نے ففٹی بنائی، ان کے سوا کوئی بیٹسمین ڈبل فیگر میں داخل ہوسکا، افغانستان کی جانب سے مجیب نے تباہ کن بائولنگ کرتے ہوئے صرف 28 رنز کے عوض 6 کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا، ، قیس احمد 2 وکٹیں لے اڑے، دو بیٹسمین رن آئوٹ ہوئے۔ افغانستان نے 18 اوورز میں ایک وکٹ پر 94 رنز بنائے تھے کہ بارش نے مداخلت کردی، کھیل دوبارہ شروع ہونے پر افغان ٹیم نے مزید 2 وکٹیں گنواکر 20.3 اوور میں ہدف عبور کر لیا، اوپنر رحمان اللہ نے 71رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے۔یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستان نے سیمی فائنل میں ناقابل شکست بنگلہ دیش کو ڈک ورتھ لوئیس میتھڈ پر 2 رنز سے شکست دیتے ہوئے فائنل میں رسائی حاصل کی تھی، پاکستان اور افغانستان کے مابین فیصلہ کن مقابلہ کل ہو گا، ایونٹ کے لیگ میچ میں افغانستان کی ٹیم گرین شرٹس کو 7 وکٹ سے مات دے چکی ہے۔