• news

عالمی سنوکر چیمپئن شپ‘ قومی ٹیم قطر روانہ‘ کھلاڑی کامیابی کیلئے پرعزم

لاہور(نمائندہ سپورٹس )آئی بی ایس ایف عالمی اسنوکرچیمپئن شپ میں شرکت کے لیے قومی ٹیم قطرروانہ ہوگئی ۔ پاکستان عالمی چیمپئن شپ کے مینز اورماسٹرزایونٹس میں شرکت کریگا۔ مقابلے آج قطر کے شہر دوحہ میں شروع ہونگے، مینز ایونٹ کے لیے چاررکنی ٹیم میں قومی نمبر ایک کھلاڑی اسجد اقبال، سابق عالمی چیمپئن محمد آصف،مبشررضا اورعالمی جونیئر چیمپئن محمد نسیم اختر شامل ہیں۔پاکستان سنوکر ایسوسی ایشین کے نئے پوائنٹس نظام کے تحت انٹرنیشنل اور قومی ایونٹس میں بہتر کارکردگی کی بدولت اسجد اقبال اور محمد آصف نے قومی ٹیم میں جگہ بنائی جبکہ مبشررضا کو قومی ایسوسی ایشن نے اپنے استحقاق کے تحت قومی سکواڈ کا حصہ بنایا ہے، عالمی جونیئر چیمپئن محمد نسیم اختر آئی بی ایس ایف کی جانب سے وائلڈ کارڈ ملنے کی بدولت عالمی چیمپین شپ میں پاکستان کی نمائندگی کے حقدار بنے ہیں۔ قومی کیوئٹس عالمی چیمپئن شپ میں بہترین کارکردگی کیلئے پْرعزم ہیں۔قومی نمبر ایک اسجد اقبال نے کہا کہ عالمی ایونٹ کے لیے بھر پور تیاری کی ہے، سخت مقابلوں کی توقع لیکن امید ہے کہ کامیابی حاصل کریں گے۔عالمی جونیئر چیمپئن محمد نسیم اختر نے کہا کہ وہ عالمی ایونٹ میں عمدہ کارکردگی ادا کرنے کے لیے تیار ہیں جبکہ قومی کیمپ میں بھر پور پریکٹس نے اعتماد میں بہت اضافہ کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن