سعودی عرب: خواتین کو براہ راست سپورٹس میچز دیکھنے کی اجازت ملنے کے بعد سپورٹس کلبوں کے رنگا رنگ عبایا بھی متعارف کرا دئیے گئے
ریاض (سپورٹس ڈیسک) سعودی عرب میں خواتین کو براہ راست میچز دیکھنے کی اجازت ملنے کے بعد مارکیٹوں میں مختلف سپورٹس کلبوں کے رنگا رنگ عبایا بھی متعارف کردئیے گئے جبکہ خواتین کے کھیلوں کی سرگرمیوں میں حصہ لینے کے ذو ق و شوق میں بھی اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ سعودی عرب کی سپورٹس کونسل نے چند ہفتے قبل خواتین کو جنوری 2018ء سے سٹیڈیم میں جا کر فٹ بال میچ اور کھیل کی دوسری سرگرمیوں کو دیکھنے اجازت دی تو اس کے بعد مارکیٹوں میں مختلف کلبوں کی عکاسی کرنے والے رنگا رنگ عبایا متعارف کرا دیئے گئے جن میں زرد، نیلے اور سبز رنگوں کے عبایا شامل ہیں۔دکانداروں کا کہنا ہے کہ خواتین کو ابھی سٹیڈیم میں جانے کے لیے تین ماہ کا عرصہ باقی ہے عبایا کی طلب میں غیر معمولی اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔