موسمیاتی تبدیلی: منفی اثرات سے بچنے کیلئے عالمی سطح پر تعاون کو فروغ دینا ہوگا: مشاہد اللہ
بون (این این آئی) وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا ہے کہ عالمی برادری کو عالمی حدت کے باعث رونما ہونے والی موسمیاتی تبدیلی کے بڑھتے ہوئے منفی اثرات پر قابو پانے کیلئے بین الاقوامی سطح پر تعاون کو فروغ دینا ہوگا، تمام ممالک کے یکجا ہوئے بغیر انسانیت کو درپیش اس عالمی خطرے پر قابو پانا کسی صورت ممکن نہیں ہو سکتا۔ وہ اقوام متحدہ کے زیرانتظام موسمیاتی تبدیلی کے 23 ویں بین الاقوامی اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ جرمنی کے شہر بون میں ہونے والے اس اجلاس سے خطاب کے دوران وفاقی وزیر مشاہد اللہ خان نے کہا کہ ہمارا، ہماری آنے والی نسلوں اور ہمارے ماحول کی پائیدار بقا کے لیے عالمی سطح پر عالمی حدت کا باعث بننے والی زہریلی گیسوں کے اخراج کو بڑی حد تک کم کرنا ہوگا تاکہ موسمیاتی تبدیلی کے تباہ کن اثرات پر قابو پایا جا سکے۔