نواز شریف آج ایبٹ آباد جلسے سے رابطہ عوام مہم شروع کرینگے‘ تحریک صوبہ ہزارہ نے احتجاج کی کال واپس لے لی
لاہور (خصوصی رپورٹر) سابق وزیراعظم نوازشریف (آج) ایبٹ آباد میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ اس جلسے سے مسلم لیگ (ن) کی رابطہ عوام مہم کا باقاعدہ آغاز ہو جائیگا جو عام انتخابات تک جاری رہے گی۔ کالج گرائونڈ ایبٹ آباد میں جلسہ عام کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کے ترجمان ڈاکٹر آصف کرمانی او رسابق وزیر اطلاعات سینیٹر پرویز رشید ایبٹ آباد میں سرگرم عمل رہے ہیں۔ دریں اثناء نوازشریف کل سوموار کو لندن روانہ ہو جائیں گے جہاں وہ اپنی اہلیہ کلثوم نواز کی تیمارداری کریں گے۔ایبٹ آباد سے نامہ نگار کے مطابق میاں نواز شریف کی ایبٹ آباد آمد اور جلسہ کے موقع پر تحریک صوبہ ہزارہ کی جانب سے احتجاج کا اعلان کامیاب مذاکرات کے بعد موخر کردیا گیا۔ ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی کی سربراہی میں جانیوالے وفد نے تحریک صوبہ ہزارہ کے قائد کی صوبہ ہزارہ کی قرارداد اسمبلی میں پیش کرنے کی یقین دہانی کروا دی۔