• news

آل پاکستان اوپن ٹینس چیمپئن شپ عقیل خان اوشنا سہیل کے نام

لاہور (نمائندہ سپورٹس) پنجاب لان ٹینس ایسوسی ایشن کے زیراہتمام نیزا آل پاکستان اوپن ٹینس چیمپئن شپ عقیل خان اور اوشنا سہیل نے جیت لی۔ عقیل خان اور محمد عابد کے درمیان دلچسپ مقابلہ ہوا مگر عقیل خان کاتجربہ کام آیا اور انہوں نے محمد عابد کو6-4, 6-2 سے ہرا کر نیزا آل پاکستان اوپن ٹینس چیمپئن شپ جیت لی۔ ادھر سیکنڈ سیڈ اوشنا سہیل (زیڈ ٹی بی ایل) نے ٹاپ سیڈ سارہ منصور کو مسلسل تیسرے فائنل میں شکست دے کر ٹائٹل جیت لیا۔اوشنا سہیل (زیڈ ٹی بی ایل ) نے سارہ منصور کو 6-1, 6-4 سے ہرایا۔ اس طرح اوشنا سہیل ایک بار پھر نمبر ون پوزیشن حاصل کرلیں گی۔ ادھر ڈبلز میں عقیل خان اور شہزاد خان نے مینز ڈبلز فائنلز میں محمد عابد اور عثمان رفیق کو 6-0, 6-4 سے ہرا کر فائنل جیت لیا۔انڈر 18 بوائز فائنل میں ایس این جی پی ایل کے محمد شعیب نے اپنے ہی ڈیپارٹمنٹ کے ثاقب عمر کو 6-3, 6-3 سے ہرا کر ٹائٹل جیت لیا۔انڈر 14 کراچی کے اشیش کمار نے لاہور کے فرمان شکیل کو دلچسپ مقابلے کے بعد 6-4, 4-6, 6-3 سے ہرا کر فائنل جیت لیا۔انڈر 10 کے مقابلے میں حمزہ رومان نے ہمایوں احتشام کو 6-4 سے ہرا کر ٹائٹل جیت لیا۔اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی گورنر پنجاب ملک رفیق رجوانہ نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔ اس موقع پر پنجاب لان ٹینس ایسوسی ایشن کے چیئرمین رائو افتخار احمد، سیکرٹری رشید ملک، چیف ریفری عارف قریشی، مارکیٹنگ مینجر رافم گروپ نیزا شاہد ریاض اور دیگر بھی موجود تھے۔ گورنر پنجاب نے پی ایل ٹی اے اور سپانسرز رافم گروپ کی تعریف کی جنہوں نے اتنا شاندار ٹورنامنٹ منعقد کیا۔ عقیل خان کا کہنا تھا کہ ٹائٹل جیت کر اچھا لگا۔ رشید ملک نے بہت ہی اچھا ٹورنامنٹ منعقد کروایا۔ اوشنا سہیل کاکہنا تھا کہ مسلسل تیسرا ٹائٹل جیت کر بہت خوشی ہے۔ مستقبل میں بھی اچھا کھیل پیش کرتی رہوں گی۔

ای پیپر-دی نیشن