پاکستان سپر لیگ ڈرافٹنگ کا نظام شفاف ہے: علی ضیاء
لاہور( نمائندہ سپورٹس) نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے سینئر جنرل منیجر علی ضیاء کا کہنا ہے کہ پاکستان سپر لیگ ڈرافٹنگ کا نظام شفاف ہے۔ یہ دنیا کی واحد لیگ ہے جس نے تیزی سے مقبولیت حاصل کی اور غیر ملکی کھلاڑیوں کا اعتماد حاصل کیا ہے۔ پی ایس ایل کی کامیابی اور بیرونی دنیا میں مقبولیت کی ایک وجہ معاہدے کے مطابق کھلاڑیوں کو بر وقت ادائیگی ہے۔ اس کامیابی کا کریڈٹ بورڈ چئیرمین نجم سیٹھی اور انکی ٹیم کو جاتا ہے۔ جہاں تک ڈرافٹنگ اور کسی بھی فرنچائز میں سابق کھلاڑیوں کی خدمات حاصل کرنے کا معاملہ ہے یہ خالصتا فرنچائز مالکان کی صوابدید ہے وہ اس معاملے میں کرکٹرز کی مارکیٹ ویلیو کو بھی دیکھتے ہیں۔ کسی ایک کرکٹر کو اہم ذمہ داری ملنے کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ دیگر عظیم کرکٹرز کی اہمیت کم یا ختم ہو گئی ہے۔ ڈرافٹنگ میں فرنچائز مالکان سب سے بڑے سٹیک ہولڈر ہیں وہ کسی بھی کھلاڑی کی خدمات حاصل کر سکتے ہیں۔ انڈر نائینٹین ٹیم کا ایشیا کپ فائنل میں آنا خوش آئند ہے۔ افغانستان کے خلاف پہلا میچ ہارنے کے بعد بہت تنقید ہوئی ہمیں ٹیم کو سپورٹ کرنا چاہیے کیونکہ پہلا میچ ہارنے کے بعد اسی ٹیم نے کم بیک بھی کیا ہے۔