کراچی سرکلر ریلوے تاریخی اور اہم منصوبہ‘ 30برس پہلے بننا چاہئے تھا: سعد رفیق
لاہور (سٹاف رپورٹر) کراچی سرکلر ریلوے تاریخی اور اہم منصوبہ ہے اسے تیس برس پہلے بن جانا چاہئے تھا‘ میں نے کراچی میں ٹرام میں سفر کیا ہے کراچی کا حسن گہنا ہوا اور شہر کو مسائل سے اٹا دیکھتا ہوں تو دکھ ہوتا ہے یہ بات وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے ڈائریکٹر جنرل سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کی زیرقیادت حکومت سندھ کے وفد کے ساتھ ملاقات میں ریلوے ہیڈکوارٹرز میں کہی‘ خواجہ سعد رفیق نے ریلوے کے سی پیک ٹیم لیڈر اشفاق خٹک کے ساتھ ملاقات کے لئے آنے والے ڈائریکٹر جنرل سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی محمد اطہر ، چیف کنسلٹنٹ اشرف علی لاکھو، ڈائریکٹر پراجیکٹس یوسف منیر اور پراجیکٹ کنسلٹنٹس کو شیڈول سے ہٹ کر ریلوے ہیڈکوارٹرز مدعو کرلیا۔ سندھ حکومت کے وفد سے بات چیف کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ہم سیاسی دباو پر نہیں بلکہ پروفیشنلز کی رائے پر کام کرتے ہیں، ہم نے ریلوے کا کباڑ خانہ درست کیاہے اور کے سی آر پر بھرپور تعاون کریں گے مگر عجلت میں قوم کا نقصان نہیں کریں گے۔ کراچی سرکلر ریلوے کے ایشو پر قائم علی شاہ کے پاس دو، تین بار گیا، سندھ حکومت کو متعدد خطوط لکھے مگر رسپانس نہیں ملا، کے سی آر کے روٹ پر تجاوزات ہٹانا میرا کام نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی سے پشاور مین لائن کی سی پیک کے تحت اپ گریڈیشن کو کے سی آر فزیبیلیٹی کا حصہ ہونا چاہئے، وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ کنٹینر اور ٹرالر کراچی والوں کی جان اسی وقت چھوڑیں گے جب ایم ایل ون کی اپ گریڈیشن سے ریلوے کے ذریعے فریٹ کی ٹرانسپورٹیشن ہو گی، صرف کے سی آر سے کراچی کا مسئلہ حل نہیں ہوگا، ایم ایل ون کی اپ گریڈیشن بھی کراچی کے لئے ضروری ہے مگر اسے کے سی آر کی فزیبیلیٹی رپورٹ میں شامل نہیں کیا گیا اس سلسلے میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے بات کی ہے، وہ پیپلزپارٹی میں ہیں مگر میں ذاتی طورپر انہیں پسند کرتا ہوں تاہم بلیم گیم سے کام نہیں چلے گا، ان کے بیان پر افسوس ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے وفاقی حکومت کا واحد ادارہ ہے جو ہفتے کی چھٹی بھی نہیں کرتا، سندھ کے وفد کے لئے اتوار کی چھٹی بھی نہیں کریں گے۔ وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ کے ساتھ کھڑے ہو کر کے سی آر کا سنگ بنیاد رکھنے کے لئے تیار ہیں۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر ریلویز نے کہا کہ ہمارے ذہن میں کوئی ابہام نہیں کہ کراچی کے شہریوں کو سہولت دینا ہماری ذمہ داری ہے، ہمارے کچھ خدشات تھے جو تفصیلات جان کے کچھ کم ہوئے ہیں۔ اجلاس میں قائم مقام سی ای او ہمایوں رشید، مشیر وزارت ریلویز انجم پرویز، سی پیک ٹیم لیڈر اشفاق خٹک، ڈائریکٹر لینڈ ارشد سلام خٹک، ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلشینز، ڈائریکٹر آئی ٹی سمیت اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔