نوازشریف نااہل، زرداری، اسفندیار نے جائیدادیں بنائیں: پرویز خٹک
پشاور (بیورو رپورٹ) وزیراعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک نے کہا ہے تحریک انصاف روایتی سیاسی جماعتوں کے برعکس عام آدمی کی فلاح کیلئے کھڑی ہے۔ حالات جیسے بھی ہوں امیر کو کوئی فرق نہیں پڑتا، مسئلہ غریب کا ہے جس کو بدقسمتی سے مفاد پرست سیاستدانوں نے ہمیشہ نظر انداز کیا۔ پاکستان میں جو بھی لیڈر وزیراعظم یا وزیراعلیٰ آیا اُس نے لوٹ مار اور پیدا گیری کی حد کر دی۔ تعجب کی بات یہ ہے یہ لوگ لوٹ مار کو جرم ہی نہیں سمجھتے یہی وجہ ہے نااہل نواز شریف کو ابھی تک سمجھ نہیں آئی اُسے کیوں نکالا۔ وہ عوام کو بے وقوف بنانے کی ناکام کوشش کرر ہا ہے اتنا شعور عوام کو بھی ہے کہ سپریم کورٹ کسی کو بلا وجہ نہیں نکالتی۔ حکمرانوں کی لوٹ مار کی وجہ سے دُنیا بھر میں پاکستان کی بدنامی ہوئی۔ نواز شریف، زرداری، حیدر ہوتی، اسفندیار نے جائیدادیں کہاں سے بنائیں۔ انہیں کبھی بھی عوام کی فکر نہیں ہوئی یہ اپنی ڈاکہ زنی اور قبضہ گیری میں مصروف رہے۔ حیرت ہے یہ لوگ بھی عمران خان کا مقابلہ کرنے نکلے ہیں۔ ان میں اورعمران خان میں بڑا فرق ہے ۔ عمران خان باہر سے پیسہ کما کر ملک میں لائے اور غریب کی فلاح کیلئے خرچ کیا جبکہ یہ لوگ ملک سے عوام کا پیسہ لوٹ کر غیر قانونی طریقے سے باہر لے گئے اور وہاں جائیدادیں بنائیں۔ تحریک انصاف اور دیگر جماعتوں کا مقابلہ بنتا ہی نہیں اُنہوںنے این اے فور میں مقابلے کا حشر دیکھ ہی لیا ہے۔ مستقبل پی ٹی آئی کا ہے کیونکہ نوجوانوں کا مستقبل پی ٹی آئی سے وابستہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے حلقہ پی کے 15، پی کے 13، پی کے 16، ضلع نوشہرہ میں شمولیتی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر معروف سیاسی شخصیت سردراز خان خٹک، ایاز خان، حیات محمد، زر محمد خان، یار محمد گل عمر خان،انجینئر ارشد خان، سمندر خان، چنار گل خان نے اپنے خاندان اور ساتھیوں سمیت عوامی نیشنل پارٹی سے مستعفی ہو کر تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا جبکہ وزیر آباد اوچ خوڑ میں علاقے کی معروف شخصیت حاجی کامدار خان سمیت ناصر خان، انور علی، لطیف خان، موسیٰ خان شنواری، حاجی گل زادہ ، اسماعیل، تجمل، ادریس ، عرفان، بلال، عباس، آیاز، خالد خان اور دیگر نے اے این پی سے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی۔ زیارت کا کا صاحب میں ظفر خٹک، نیک باچا، فرحان عالم، عظیم خان، وحید گل، زوہیب اﷲ، وارث خان، زاہد خان، زرولی خان، میاں قاصد خان، میاں جلال اور دیگر نے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔