غربت سے تنگ، ملتان کی خاتون نے دہی بھلے، بریانی کی ریڑھی لگالی
ملتان (اقراء وحید سے) غربت کے ہاتھوں تنگ آ کر خود کشی کرنے یا غلط راہ اختیار کرنے والوں کی بڑی تعداد کی مثالیں آئے روز دیکھنے کو ملتی ہیں تاہم اسی معاشرہ میں ایسی باہمت خواتین کی بھی مثالیں موجود ہیں جو اپنی مدد آپ کے تحت آگے بڑھنے پر یقین رکھتی ہیں کراچی سے حالات سے تنگ آ کر ملتان آ کر آباد ہونے والی باہمت خاتون شاہینہ بتول نے غم روزگا سے لڑنے کی خاطر ملتان میں پہلی مرتبہ دہی بھلے اور بریانی کی ریڑھی لگالی ہے خاتون کا کہنا ہے کہ گھروں میں کام نہ ملنے کے باعث بچے کی تعلیم متاثر ہو رہی تھی خود ہی ریڑھی سجا کر گھر کا بوجھ اٹھا لیا ہے شروع میں کچھ معاملات میں مردوں کی جانب سے مشکلات کا سامنا رہا مگر اب سبھی بہن جی کہہ کر بلاتے ہیں۔ شہر کی ایک شاہراہ ایل ایم کیو روڈ پر باعزت طریقے سے اپنے گھر کا خرچہ چلانے کیلئے ملتان میں پہلی مرتبہ خاتون نے ریڑھی لگالی ہے دہی بھلے اور بریانی کی ریڑھی لگانے والی باہمت خاتون شاہینہ بتول نے نمائندہ نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرا ایک بیٹا ہے میں اپنے بیٹے کو پڑھا لکھا کر ایک اچھا شہری بننانا چاہتی ہوں اس لئے ریڑھی لگا کر گھر کے اخراجات کو پورا کر رہی ہوں اور مجھے اس کام کو کرنے میں کوئی شرم محسوس نہیں ہوتا ہے مجھے اور کوئی کام نہیں آتا ہے پہلے میں کراچی میں ایک گھر پر بطور باورچی کام کیا کرتی تھی اور وہیں پر میں نے کھانا بنانا سیکھا ہے اب زندگی میں حالات تنگ ہوتے ہوئے تو اپنے کھانے پکانے کے ہنر کو روزگار کمانے کیلئے استعمال میں لا رہی ہوں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے ملک کی خواتین بھی دوسرے ملک کی خواتین کے جیسے بلکہ ان سے بڑھ کر ہمت اور حوصلہ مند جو اپنی زندگی میں آنے والی ہر مشکل کا ڈٹ کر مقابلہ کر سکتی ہے میرا پیغام ہے کہ سلائی کڑھائی‘ پڑھائی کھانا پکانا ہر ایک خاتون کو ضرور آنا چاہئے آج مجھے کھانا پکانا آتا ہے تو میں خود روزگار کما رہی ہوں۔