صوبائی وزیر کا گوجرانوالہ میں سانحہ تربت کے مقتولین کے ورثاکے ساتھ اظہار تعزیت
لاہور( خصوصی رپورٹر) صوبائی وزیر صنعت و تجارت و انویسٹمنٹ شیخ علائوالدین نے گزشتہ روز بلوچستان کے علاقے تربت میں معصوم اور نہتے افراد کے قتل کے دلخراش واقعہ کے بعد ضلع گوجرانوالہ کے علاقہ جامکے چٹھہ کے غلام ربانی اور سولنگر کے احسن رضا کے گھر جا کر مقتولین کے ورثاء سے اظہار تعزیت کیا۔ انہوں نے مقتولین کے ورثاء سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ ہماری آنکھیں اشکبار اور دل غمزدہ ہیں۔ 15افراد کا قتل انسانیت سوز واقعہ ہے اور اس دلخراش واقعہ کی جتنی مزمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری تمام تر ہمدردیاں مقتولین کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔ وفاقی اور پنجاب حکومت غمزدہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں اور اس سانحہ پر دلی افسوس اور رنج ہوا ہے۔ اللہ تعالی سے دعا ہے کہ مرحومین کو جنت الفردوس میں جگہ عطاء کرے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ صوبائی وزیر انڈسٹری نے بعد ازاں میڈیا نمائندگان سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے بلوچستان کے علاقے تربت میں قتل ہونے والے افراد کو لواحقین سے اظہار ہمدردی اور دکھ و رنج کا اظہار کرتے ہوئے مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔ جس کے مطابق پنجاب حکومت مقتولین کے لواحقین کو فی کس 10لاکھ روپے مالی امداد دے گی۔ انہوں نے میڈیا کے توسط سے عوام کو یقین دلایا کہ جن عناصر نے معصوم لوگوں کی زندگیاں چھینی ہیں وہ کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں معصوم لوگوں کو بیرون ملک بھجوانے کا جھانسہ دینے والے عناصر کو کیفر کردار تک پہنچائیںگے۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی طریقے سے سادہ لوگوں کو باہر لے جانے کا جھانسہ دیکر بے گناہ معصوم لوگوں کی جانوں سے کھیلنے والوں کے خلاف آپریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے انشاء اللہ بہت جلد ایسے عناصر کو نشان عبرت بنا دیا جائے گا۔