وزیراعظم کٹھ پتلی‘ ڈار کو منی لانڈرنگ راز فاش ہونے کے ڈر سے نہیں ہٹایا جا رہا: عمران
اسلام آباد(اپنے سٹاف رپورٹر سے +نوائے وقت نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے اسحاق ڈار کو شریف خاندان کی منی لانڈرنگ کے مزید راز فاش ہونے کے ڈر سے نہیں ہٹایا جارہا۔ سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں عمران خان نے کہا تعجب کی بات ہے نوازشریف کا کٹھ پتلی وزیراعظم شاہد خاقان عباسی شریف مافیا کے فرنٹ مین اور قانون سے بھاگے ہوئے شخص کو عہدے سے نہیں ہٹا سکتے۔ وہ بے بس ہیں اسحاق ڈار شریف مافیا کے فرنٹ مین اور مفرور ہیں۔ ان پر کرپشن اور منی لانڈرنگ کے الزام ہیں۔نوازشریف کو ڈر ہے کہ اسحاق ڈار پہلے کی طرح دوبارہ زبان نہ کھول دیں اور منی لانڈرنگ کے حوالے سے مزید انکشافات سامنے نہ آجائیں۔علاوہ ازیں تحریک انصاف اور جے یو آئی (س) نے مل کر انتخاب لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کا فیصلہ جے یو آئی (س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی ملاقات میں کیا گیا۔ ملاقات میں وزیراعلی خیبر پی کے پرویز خٹک بھی موجود تھے۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ پاکستان کو کرپشن سے پاک کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ کرپشن کے خاتمے کیلئے تمام سیاستدانوں کو ایک پیج پر آنا ہو گا۔ تحریک انصاف اور جے یو آئی (س) میں بہت سے معاملات میں ہم آہنگی ہے۔ مزید برآں عمران خان نے دنیا بھر میں اہل اسلام کو ربیع الاول کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ اس ماہ مبارک میں ہم پر انعام و اکرام کا نزول فرمائیں۔ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں عمران خان نے کہاکہ اس ماہ مبارک میں رب العزت امت مسلمہ کو امن و امان کی دولت سے سرفراز فرمائیں۔حکومت مدت نہیں عدت پوری کر رہی ہے وزیر اعظم اپنا منشی بھی فارغ نہیں کر پا رہے۔ یہ بات مرکزی ترجمان پاکستان تحریک انصاف فواد چوہدری نے ایک بیان میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ منتوں ترلوں سے حکومتیں نہیں چلتیں ملک کا وزیر اعظم کون ہے اور وزیرخزانہ کون اس راز کا جواب دینے والے کو کروڑ روپیہ انعام دیں گے شریف خاندان کے پاس ہر سوال کا جواب سازش ہے۔صرف اس سازش کا نہیں بتا رہے کہ تین ہزار کروڑ انکے اکاؤنٹس میں کیسے آیا۔ نواز شریف اداروں کیخلاف اشتعال انگیز لب ولہجہ اختیار کرکے قوم کی خدمت نہیں کررہے نواز شریف عوامی اجتماعات میں عدلیہ کے بارے میں توہین آمیز تقاریر سے کسے فائدہ دینا چاہتے ہیں۔ کرپشن کے علاوہ نواز شریف کا کوئی نظریہ نہیں۔ آئی ایس آئی ہو یا اسامہ بن لادن کوئی بھی مال لگا کے خدمات حاصل کرسکتا ہے۔ جلد میاں صاحب کی سیاست حتمی انجام سے دوچار ہوگی۔