مجید نظامی سپورٹس گالا: قیصر ندیم، طارق محمود کی جوڑی نے بیڈمنٹن ایونٹ جیت لیا
لاہور (حافظ محمد عمران/ نمائندہ سپورٹس) قیصر ندیم اور طارق محمود کی جوڑی نے ہشام یوسف اور زین علی کو شکست دیکر مجید نظامی سپورٹس گالا کے دوسرے ایڈیشن میں بیڈمنٹن ایونٹ کا ٹائٹل جیت لیا۔ فائنل میں دونوں ٹیموں کے مابین دلچسپ مقابلہ ہوا۔ بھر پور تیاری اور پریکٹس کے بعد میدان میں اترنے والے دونوں پئیر ایونٹ کے آغاز سے قبل ہی فائنل کے لیے ہارٹ فیورٹ تصور کیے جا رہے تھے ناک آوٹ کی بنیاد پر کھیلے جانیوالے مقابلوں میں قیصر ندیم، طارق محمود، ہشام یوسف اور زین علی اپنے اپنے حریفوں شکست دیتے ہوئے بیڈ ایونٹ کی ٹائٹل میچ کے لیے آمنے سامنے آئے۔ دونوں ٹیموں کو ہال میں موجود تماشائیوں نے بھرپور انداز میں سپورٹ کیا۔ قیصر ندیم اور طارق محمود نے 17_21 سے فائنل جیت کر چیمئپن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔ وویمنز ڈبلز میں دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلوں کا سلسلہ عرفانہ زیدی اور عائشہ کی فتح پر اختتام پذیر ہوا۔ عرفانہ اور عائشہ کی جوڑی نے سعدیہ طاہر اور تہزین طاہر کی جوڑی کو ہرا ٹائٹل اپنے نام کیا۔جیسے جیسے ایونٹ آگے بڑھ رہا ہے خاندان نوائے وقت سے تعلق رکھنے افراد کے جوش و جذبے میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ سنوکر مقابلوں کے بعد بیڈ منٹن مقابلوں میں بھی کھلاڑیوں کی بھرپور شرکت نے بیڈمنٹن مقابلوں کی اہمیت کو اور بھی بڑھا دیا ہے۔ گذشتہ روز شیپس ہیلتھ کلب گلبرگ میں مینز وویمنز کے ڈبلز مقابلے ہوئے۔ بیڈ منٹن ایونٹ کے مہمانان خصوصی میں نوائے وقت گروپ کے ڈائریکٹر فنانس اعظم بدر اور جنرل منیجر لیگل مجاید حسین سید تھے۔ فائنل جیتنے والی ٹیم کو مجاہد حیسن سید نے ٹرافی اور نقد انعام دیا جبکہ رنر اپ رہنے والے ہشام یوسف اور زین علی نے اعظم بدر سے ٹرافی اور نقد انعام وصول کیا۔ بیسٹ اینٹرٹینر کی ٹرافی خالد نجیب کے حصے میں آئی۔ مجاہد حسین سید کا کہنا تھا کہ کھیلیں ہمیشہ ہی سے انسان کی ذہنی و جسمانی نشوونما میں اہم کردار ادا کرتی آئی ہیں ایسے ایونٹس کے انعقاد سے سٹاف کا نا صرف صحتمند سرگرمیوں میں حصہ لینے کا موقع ملتا ہے بلکہ اسکے ساتھ ساتھ باہمی تعلقات بھی بہتر ہوتے ہیں ایسی سرگرمیوں سے پیشہ وارانہ مہارت میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔ ڈائریکٹر فنانس اعظم بدر کا کہنا تھا کہ امام صحافت مجید نظامی کے نام سے منسوب اس سپورٹس گالا سے ہماری روحانی وابستگی بھی ہے۔ ہم اس ایونٹ کے ذریعے مرحوم مجید نظامی کو بھی یاد کرتے ہیں اور انکے مشن کو بھی آگے بڑھا رہے ہیں۔ سپورٹس گالا میں خاندان نوائے وقت سے منسلک افراد کے لیے صلاحیتوں کے اظہار کے یکساں مواقع ہیں۔ ہماری کوشش ہے کہ اس ایونٹ کو مزید بہتر بنائیں۔ بیڈ منٹن ایونٹ میں محفوظ انجم اور عامر ادریس، شفیق سلطان اور ندیم بسرا کے مابین ہونیوالا نمائشی میچ شفیق سلطان اور ندیم بسرا کی جوڑی نے جیتا۔بیڈ منٹن ایونٹ کے مینز مقابلوں میں اڑتالیس اور خواتین میں چوبیس پلئیرز نے حصہ لیا۔ کل ماڈل ٹاون کرکٹ سنٹر میں کرکٹ کے مقابلے ہونگے۔