• news

ختم نبوت حلف نامہ بحال ہو چکا، ہنگامے کی ضرورت نہیں: فضل الرحمن

ڈیرہ اسماعیل خان (این این آئی) جے یو آئی کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ ختم نبوتؐ کے حلف نامے کو ہماری کوششو ں سے اصل شکل میں بحال کر دیا گیا ہے اس پر ہنگامے کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے پاکستان میں یہودی اور مغربی ایجنڈے کو جے یو آئی نے علماء کی طاقت سے ناکام بنایا ہے ورنہ پاکستان کا معاشرہ آج بے را ہ روی کا شکار ہوتا۔ وہ جامعۃ المعارف الشرعیہ میں علماء کنونشن سے خطاب کر رہے تھے جس کی صدارت اپوزیشن لیڈر خیبر پی کے اسمبلی مولانا لطف الرحمن نے کی جے یو آئی کے مرکزی امیر نے کہا کہ خیبر پی کے حکومت علماء کو تنخواہ کا لالچ دیکر خریدنا چاہتی ہے لیکن غیور علماء تحریک انصاف کے مذموم عزائم کو ناکام بنا دینگے۔ پاکستا ن میں مسلمان سنی، شیعہ ہایاتی مماتی، مقلد اور غیر مقلد میں تقسیم ہے امریکہ نفرتوں سے فائدہ اٹھا رہا ہے اور آپس میں لڑاتا ہے شام، یمن، عراق، فلسطین، لبنان میں چھڑی ہوئی جنگیں امریکہ کی سازشیں ہیں۔ پاکستان میں یہ جنگ اگر نہیں چھڑی تو جے یو آئی اور علماء کا بہت بڑا کارنامہ ہے۔ ہمیں اسلامی نظام کیلئے جدوجہد ہر فورم پر کرنا ہونگی۔ محراب ممبر کو دین کی سربلندی اور پارلیمنٹ میں دینی قوت بڑھانے کیلئے استعمال کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ قوم پرستی کے نعرے پاکستان میں عرو ج پر ہیں۔ قومیت کے نام پر لوگوں کو دھوکہ اور اشتعال دلایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دھرنوں جلسوں میں عریانی فحاشی کے غلیظ واقعات سے پوری قوم کو بیرون دنیا میں شرمندگی اٹھانی پڑی۔ بندوق کی سیاست یا بندوق کے ذریعے اپنے نظریات کو دوسروں پر مسلط کرنے کی ہم نے ہمیشہ بھرپور مزاحمت کی، پاکستانی فوج نے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑی لیکن یہ جنگ علما ء حق نے بھی بھرپور طریقہ سے لڑی۔ انہوں نے کہا کہ حلال فوڈ اتھارٹی کے ذریعے قوم کو حرام چیزیں کھلانے کا منصوبہ تھا جو کہ جے یو آئی نے پارلیمنٹ میں ناکام بنایا۔ پنجاب کے حقوق نسواں بل کو ہم نے ختم کرایا۔
فضل الرحمن

ای پیپر-دی نیشن