اس وقت ملک میں افراتفری کا ماحو ل بنا ہوا ہے۔ پتہ نہیں لگ رہا نواز شریف وزیراعظم ہے یا شاہد خاقان عباسی پرویز خٹک
پشاور (این این آئی+ صباح نیوز) وزیراعلی خیبر پی کے پرویز خٹک نے کہا ہے کہ اس وقت ملک میں افراتفری کا ماحو ل بنا ہوا ہے۔ پتہ نہیں لگ رہا نواز شریف وزیراعظم ہے یا شاہد خاقان عباسی۔ ایسے حالات میں ملک نہیں چل سکتا، کسی تیسری قوت کے آنے سے پہلے اسمبلی کو ختم کیا جائے اور قبل ازوقت انتخابا ت کرائے جائیں یہی وقت کا تقاضا ہے ایسے حالات میں بیوروکریسی بھی احکامات نہیں مانتی۔ اس ملک کو آصف علی زرداری، نوازشریف اور اسفندیار ولی جیسے کرپٹ سیاستدانوں نے جتنا نقصان دیا اس کی مثال نہیں ملتی لوٹ مار کے کلچر کو لگام دینے کیلئے ضروری ہے سب کا بلا تفریق احتساب شروع کیا جائے۔ اس ملک کو ایماندار قیادت کی ضرورت ہے اور ایک ایماندار قیادت ہی اس ملک کو بچا سکتی ہے جو عمران خان کی صورت میں ہمارے پاس موجود ہے۔ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے اپنے منشور پر من وعن عمل کیا اور یہی وجہ ہے خیبر پی کے کی روایت کے برعکس آج ہمارے اقتدارکے آخری سال میں بھی اے این پی ، پی پی پی، مسلم لیگ ن اور دیگر سیاسی پارٹیوں کے کارکن تحریک انصاف میں شامل ہورہے ہیں۔ وہ اکوڑہ خٹک میں پی پی پی کے صوبائی رہنما میاں اکمل شاہ ایڈووکیٹ کی رہائش گاہ پر اجتماع اور نوشہرہ کے علاقے اکوڑہ خٹک اور دیگر علاقوں سے مسلم لیگ ن کے کارکنوں کی پی ٹی آئی میں شمولیت کے موقع پر خطاب کررہے تھے۔ میاں اکمل شاہ نے وزیراعلیٰ کا جرگہ قبول کیا اورکہا کہ وہ اپنے ساتھیوں اور خاندان سے مشاورت کے بعد فیصلہ کریں گے۔ اس موقع پر اکوڑہ خٹک سے مسلم لیگی کارکنوں میر شاد، پذیر گل، ثناءاللہ، ڈاکٹر خالد، وقار الحق، زر محمد، یوسف زادہ، شعیب، طاہر اکبر، غنی کاکا، مقصود، ضیاءالرحمن ، خان زیب ،شاہ خالد، پی کے 14 سے عرفان شہزاد ، عتیق، ساجد، عمران نے اپنے سینکڑوں ساتھیوں سمیت مسلم لیگ ن سے مستعفی ہوکر تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔ جلسے سے خطاب کرتے پرویز خٹک نے کہا وفاق سے ہم خیبر پی کے کا حق لےکر رہیں گے۔ وفاق نے آٹھ مہینے سے ہمارے 35ارب روپے اپنے پاس رکھے ہوئے ہیں۔ وفاق نے دس دسمبر تک ہمارے حقوق دینے کا وعد ہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا تحریک انصاف واحد جماعت ہے جس نے عمران خان کے تبدیلی کے ویژن کو عملی جامہ پہنایا اور اپنے منشور میں کئے ایک ایک وعدے کو پورا کیا۔ تحریک انصاف اپنی کارکردگی کی بدولت 2018 کے انتخابات میں نہ صرف چاروں صوبوں بلکہ وفاق میں بھی حکومت بنائے گی اور عمران خان ہی اس ملک کے وزیراعظم ہوں گے۔
پرویز خٹک