وزارت اطلاعات میڈیا ورکرز کی پیشہ ورانہ صلاحیتیں بڑھانے کیلئے تربیتی پروگرام شروع کریگی: مریم اورنگزیب
اسلام آباد ( نوائے وقت رپورٹ ) وزیر مملکت اطلاعات مریم اورنگزیب سے قازقستان کے اعلیٰ میڈیا وفد نے ملاقات کی۔ اس موقع پر مریم اور نگزیب نے کہاکہ پاکستان اور قازقستان کے درمیان ذرائع ابلاغ، معلومات ،ثقافت کے میدان میں وسیع بنیاد اور طویل المدتی شراکت داری کی ضرورت ہے۔ اس حوالے سے وزیر مملکت نے منتخب کتابوں کے ترجمے، ڈراموں اور فلموں کے تبادلے کی تجویز دیتے ہوئے کہاکہ اس سے دونوں ملکوں کے عوام کو ایک دوسرے کی ثقافت اور لوگوں کو سمجھنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہاکہ میڈیا دونوں ممالک کے برادرانہ اور دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ دونوں ممالک کے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں، ثقافتی طائفوں اور ایک دوسرے کی یونیورسٹیوں کے طلباءکے وفود کے تبادلوں کی ضرورت ہے۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزارت اطلاعات میڈیا ورکرز کی پیشہ ورانہ صلاحتیوں کو بڑھانے کیلئے تربیتی پروگرام شروع کرنے جا رہی ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ نوجوان نسل پاکستان کا اثاثہ ہے، حکومت نوجوان نسل کو ترجیح دیتی ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے ذریعے نوجوان نسل کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے۔
مریم اورنگزیب